لانگ مارچ، عمران خان پنجاب میں داخل، کارکنوں کو ڈی چوک پہنچنے کی ہدایت
ہم پنجاب میں داخل ہوچکے ہیں، اب اسلام آباد کی جانب بڑھیں گے، امپورٹڈ سرکار کا جبر و فسطایت کا کوئی حربہ ہمیں ڈرا نہیں سکتا
پاکستان تحریک انصاف کا لانگ مارچ اپنی منزل کی طرف رواں دواں ہے جبکہ عمران خان پنجاب میں داخل ہو چکے ہیں اور انہوں نے کارکنوں کو ڈی چوک پہنچنے کی ہدایت جاری کر دی ہے۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی)کے چیئرمین اور سابق وزیراعظم عمران خان کی کال پر پنجاب اور خیبر پختونخوا سے تحریک انصاف کے کارکن اسلام آباد کی طرف رواں دواں ہیں جبکہ کراچی میں نمائش چورنگی پر کارکنوں اور پولیس کے درمیان چھڑپیں ہوئی ہیں۔ چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے قافلے کے ہمراہ صوابی سے اسلام آباد کی جانب سفر شروع کیا اور اب وہ پنجاب میں داخل ہوچکے ہیں۔ اس حوالے سے چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کا بیان سامنے آیا ہے جس میں انہوں نے کہا ہے کہ ہم پنجاب میں داخل ہوچکے ہیں، اب اسلام آباد کی جانب بڑھیں گے، امپورٹڈ سرکار کا جبر و فسطایت کا کوئی حربہ ہمیں ڈرا نہیں سکتا، نہ ہی یہ ہمارے مارچ کا راستہ روک سکتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہر شہر میں لوگ باہر نکلیں، یہ پاکستان کیلئے فیصلہ کن وقت ہے، میں اسلام آباد پہنچ رہا ہوں، سب کو پیغام دیں کہ ہمیں کسی کی غلامی قبول نہیں، سپریم کورٹ نے فیصلہ کردیا ہے کہ کوئی رکاوٹ نہیں ہوگی۔