اسلام آباد پولیس کی کارروائی، غیر ملکی خاتون سے زیادتی کرنیوالا چوکیدار گرفتار
غیر ملکی خاتون کے ساتھ زیادتی کا واقعہ پولیس کیلئے انتہائی اہم کیس تھا، قانون نافذ کرنے والے اداروں نے مشترکہ طور پر کیس کی تحقیقات کیں
وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کی پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے غیر ملکی خاتون کو زیادتی کا نشانہ بنانے والے اس کے چوکیدار کو گرفتار کرلیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق انسپکٹر جنرل (آئی جی)پولیس اسلام آباد اکبر ناصر خان نے تصدیق کی کہ غیرملکی خاتون سے زیادتی کے ملزم کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ گزشتہ ہفتے غیر ملکی خاتون کو اس کے چوکیدار نے زیادتی کا نشانہ بنایا تھا۔ آئی جی اسلام آباد کا کہنا تھاکہ غیر ملکی خاتون کے ساتھ زیادتی کا واقعہ پولیس کیلئے انتہائی اہم کیس تھا، قانون نافذ کرنے والے اداروں نے مشترکہ طور پر کیس کی تحقیقات کیں۔ ان کا کہنا تھاکہ ملزم نے ابتدائی تفتیش کے دوران اعتراف جرم کر لیا ہے اور کیس کے تمام شواہد سائنسی طور پر حاصل کرکے عدالت میں پیش کیا جائے گا اور ہم اس کیس کو عبرت کا نشان بنانا چاہتے ہیں۔ آئی جی اسلام آباد کا کہنا تھاکہ ملزم کی گرفتاری پر تمام ٹیم کو انعامات دیے جائیں گے۔