پاکستان

فٹیف کی گرے لسٹ سےنکلنےکا جشن، حنا ربانی کھر نےخبردارکردیا

وزیرمملکت برائے امورخارجہ نےکہا ہےکہ فیٹف کےحوالےسےجشن منانا قبل ازوقت ہے،گرے لسٹ سے نکلنے کا عمل ابھی شروع ہوا ہے

فٹیف کی گرے لسٹ سےنکلنےکا جشن، حنا ربانی کھر نےخبردارکردیا،اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر مملکت برائے امور خارجہ کا کہنا تھا کہ پاکستان نے دہشت گرد کارروائیوں میں مالی معاونت کوروکا،مشکل وقت میں ہم نے ایک قوم بن کر کام کیا۔ ہم جانتےہیں گرےلسٹ سے نکلناکتنامشکل کام ہے، امیدہےپاکستان ہمیشہ کے لیے فیٹف کی گرے لسٹ سے نکل جائےگا۔

حنا ربانی کھر کا مزید کہنا تھا کہ مشاورت کےبعد فیٹف ٹیم جلد پاکستان آئےگی۔ یہ اختتام نہیں آغازہے، ہم اپنی کوشش نہیں چھوڑیں گےنہیں۔ ہم چاہتےہیں فیٹف غیرجانبداررہے۔خوشی ہے کہ ایف اے ٹی ایف نے پاکستان کو کلیئر کر دیا ہے۔
وزیر مملکت نے کہا کہ ایف اے ٹی ایف   نے اپنے اجلاس میں  پاکستانی  اقدامات کا جائزہ  لیا۔ اس حوالے سے دہشت گردوں کی مالی معاونت اور منی لانڈرنگ  روکنےکےلیے اقدامات  پر عمل سرفہرست تھے۔ پاکستا ن کی جانب سے  تمام شرائط پوری  کرنے کی کوششوں   کو تسلیم  کرلیاگیا۔

وزیر مملکت نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مزید کہا کہ فیٹف  نے اعتراف کیا کہ پاکستان نے دہشت گردوں کی مالی معاونت اور منی لانڈرنگ  روکنےکےلیے  محنت کی۔ فیٹف  نےکہا   کہ پاکستان نےشرائط  مکمل کرنے کےلیے بہترین کارکردگی  کا مظاہرہ کیا۔ رکن ممالک کی جانب سے  پاکستان کی کارکردگی کی تعریف کی گئی ۔

انہوں نے کہا کہ ایف اے ٹی ایف کی ٹیم پاکستان کا دورہ کر کے شرائط  کی تکمیل   کامزید جائزہ لے گی۔ اس میں شک نہیں کہ فیٹف کی شرائط مشکل تھیں۔ امید ہے اکتوبر تک گرے لسٹ سے نکلنے کا عمل مکمل ہوجائے گا۔ اس سلسلے میں ہم  ایف اے ٹی ایف حکام کے ساتھ رابطے  میں ہیں۔

وزیر مملکت برائے خارجہ امور حنا ربانی کھر نے کہا کہ ایف اے ٹی ایف گرے لسٹ سے نکلنے کے بعد معیشت  پر اچھے اثرات مرتب ہوں گے ،   تاہم اس معاملے پر جشن منانا ابھی قبل از وقت ہوگا۔ ابھی تو گرے لسٹ سے نکلنے کا عمل شروع ہواہے۔ ایف اے ٹی ایف نے بیک وقت 2ایکشن پلان دیے۔

انہوں نے مزید کہا کہ فیٹف اجلاس کے دوران سائیڈ لائن پر مختلف رہنماؤں سے ملاقاتیں ہوئیں ۔ حکومتیں آتی جاتی رہتی ہیں  مگر ریاست نے جو کام کیا و ہ قابل تعریف ہے۔ پاکستان دیگر ممالک کے لیے بھی ماڈل ملک بنے گا ۔ پہلے ایکشن پلان کی تکمیل میں وقت لگا مگر دوسرا جلد مکمل کیا گیا۔

حنا ربانی کھر نے کہا کہ جب کسی ملک کو گرے لسٹ سے نکالا جاتا ہے تو  تکنیکی ٹیم کو  دورہ کرناہوتاہے۔ پاکستان کا فیٹف اور عالمی برادری سے تعاون  معیشت کو بہتر بنانے کی  کوششوں کا حصہ ہے۔ اس سلسلے میں قومی اور صوبائی اداروں نے بھی اپنا کام بہترین انداز میں کیا۔ ہم اب اس پوزیشن میں آچکے ہیں کہ دوسرے ممالک کومعاونت فراہم کریں۔

وزیر مملکت نے کہا کہ اب  پاکستان  کےذمے کوئی  اقدامات  زیرالتوا نہیں۔ ایک ملک  ہمیشہ اس عمل کو سیاسی رنگ دینے کی کوشش کرتا ہے، مگر ہم کوئی منفی بات نہیں کریں گے۔ ہم پاکستان کو آگے دیکھنے کے خواہاں ہیں۔اس معاملے کا کریڈٹ کسی کو   نہیں  جاتا، اصل  جیت پاکستان کی ہے ۔

متعلقہ خبریں

Back to top button

Adblock Detected

We Noticed You are using Ad blocker :( Please Support us By Disabling Ad blocker for this Domain. We don't show any popups or poor Ads.