پاکستان
زیادتی کے بڑھتے واقعات؛پنجاب میں ایمرجنسی نافذ کرنے کا فیصلہ
پنجاب حکومت نے خواتین اور بچوں کے ساتھ زیادتی کے بڑھتے واقعات پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے زیادتی کے معاملے پر ایمرجنسی نافذ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
صوبائی وزیر داخلہ عطاءاللہ تارڑ نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ جب سے حکومت میں آئے ہیں لاء اینڈ آرڈر کی صورتحال ابتر ہے، روزانہ کی بنیاد پر ریپ کیسز میں تیزی سے اضافہ ہورہا ہے، پچھلے ساڑھے 3سال میں ان کیسز میں بے تحاشا اضافہ ہوا، ہم نے کیبنٹ کمیٹی کو فعال کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ کیبنٹ کمیٹی لاء اینڈ آرڈر سمیت تمام چیزوں کا جائزہ لے گی، سول سوسائٹی، اساتذہ ، وکلا اور جتنے بھی ادارے خواتین اور بچوں کے لیے کام کررہے ہیں ان سے مشاورت کی جائے گی۔