لاہورہائیکورٹ کا فیصلہ،پی ٹی آئی نےسپریم کورٹ میں چیلنج کردیا
درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ لاہورہائی کورٹ کےفیصلےکےخلاف اپیل منظورکی جائے
پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) نے گزشتہ روزکے لاہورہائی کورٹ کے وزیرِاعلیٰ پنجاب کے انتخاب سے متعلق فیصلے کو آج سپریم کورٹ میں چیلنج کردیا۔ عدالتِ عظمیٰ میں درخواست پاکستان تحریکِ انصاف کے وکیل فیصل چوہدری اورامتیاز صدیقی کی جانب سے دائر کی گئی ہے۔ پی ٹی آئی کی درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ لاہورہائی کورٹ کےفیصلےکےخلاف اپیل منظورکی جائے، درخواست کےفیصلےتک وزیرِاعلیٰ پنجاب کا انتخاب روکا جائے۔
درخواست میں پی ٹی آئی نے استدعا کی ہے کہ حمزہ شہباز کو عہدے سے ہٹایا جائے تاکہ صاف شفاف الیکشن ہو سکیں، پنجاب اسمبلی میں وزارتِ اعلیٰ کا الیکشن فوری معطل کیا جائے۔ درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ ہائی کورٹ کے فیصلے کو تبدیل کر کے اجلاس بلانے کا مناسب وقت دیا جائے۔ درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ پی ٹی آئی اراکینِ پنجاب اسمبلی کو اجلاس میں شرکت کے لیے مناسب وقت دینا ضروری ہے، فریقین کو صاف اورشفاف الیکشن کا آئینی حق حاصل ہے۔
تحریکِ انصاف نے سپریم کورٹ سے اپیل آج ہی سماعت کے لیے مقررکرنےکی استدعا بھی کی ہے۔ ذرائع کے مطابق اپوزیشن اتحاد کی جانب سے آج ہونے والے انتخابی عمل کے بائیکاٹ کےآپشن پربھی غورکیا جا رہا ہے۔ اس حوالے سے اپوزیشن اتحاد کی پارلیمانی پارٹی کا اجلاس آج صبح 11 بجے پنجاب اسمبلی میں ہوگا۔