حلقہ پی پی 288 سے آزاد امیدوار علی کھلول کو رہائی مل گئی
علی کھلول پی ٹی آئی امیدوار سیف الدین کھوسہ کی حمایت کا اعلان کرتے ہوئے دستبردار ہوئے تھے جس پر حکومت نے ان کو گرفتار کرلیا
ڈیرہ غازی خان میں حلقہ پی پی 288 سے آزاد امیدوار علی کھلول کو رہا کر دیا گیا۔ علی کھلول کو ہنڈی کا کاروبار کرنے کے الزام میں وفاقی تحقیقاتی ایجنسی نے گرفتار کیا تھا۔
تفصیلات کے مطابق انتخابی امیدوار کی گرفتاری پر الیکشن کمشنر نے نوٹس لیتے ہوئے ڈی پی او سے رپورٹ طلب کرلی ہے۔ تحریک انصاف کی رہنما زرتاج گل نے دعوی کیا ہے کہ آزاد امیدوار کو پی ٹی آئی امیدوار کی حمایت کا اعلان کرنے پر گرفتار کیا گیا۔ پولیس کے مطابق علی کھلول کو پیر قتال کے علاقے میں ٹریول ایجنسی سے ایف آئی اے اہلکاروں نے گرفتارکیا۔ گرفتاری کی ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ علی کھلول کو ایک پرائیویٹ گاڑی میں بٹھا کر لیجایاگیا اور اس کے ساتھ پولیس موبائل کی دو گاڑیاں بھی تھیں۔ پی ٹی آئی رہنما زرتاج گل نے اپنے بیان میں دعوی کیا کہ علی کھلول پی ٹی آئی امیدوار سیف الدین کھوسہ کی حمایت کا اعلان کرتے ہوئے دستبردار ہوئے تھے جس پر حکومت نے ان کو گرفتار کرلیا۔