وزیراعلیٰ پنجاب کا انتخاب، پنجاب اسمبلی کا اجلاس تاخیر کا شکار
پنجاب اسمبلی کے احاطے کے مین گیٹ کو تالا لگا کر بند کردیا گیا ہے اور کسی بھی شخص کو اندر سے باہر یا باہر سے اندر آنے نہیں دیا جارہا
وزیراعلیٰ پنجاب کے انتخاب کیلئے پنجاب اسمبلی کا اجلاس تاخیر کا شکار ہوگیا ہے۔پنجاب اسمبلی کا اجلاس شام 4 بجے طلب کیا گیا تھاجو ابھی تک شروع نہیں ہوا۔
تفصیلات کے مطابق پنجاب اسمبلی کے اجلاس کیلئے ایوان میں گھنٹیاں بجائی گئیں جس کے بعد پی ٹی آئی اور ق لیگ کے ایم پی ایز ایوان میں پہنچ گئے۔ وزیراعلی پنجاب کے امیدوار پرویز الہی بھی ایوان میں پہنچ چکے ہیں۔ ن لیگ اور اتحادی جماعتوں کے اراکین بھی اسمبلی میں موجود ہیں تاہم اجلاس اب تک شروع نہیں ہوسکا ہے۔ پنجاب اسمبلی کا اجلاس شام 4 بجے طلب کیا گیا تھا۔ پی ٹی آئی نے 186ارکان اسمبلی کو کمیٹی روم میں پہنچانے کا دعوی کیا ہے اور ارکان اسمبلی کو کمیٹی روم سے باہر نہ آنے کی ہدایت کی ہے۔ پنجاب اسمبلی کے احاطے کے مین گیٹ کو تالا لگا کر بند کردیا گیا ہے اور کسی بھی شخص کو اندر سے باہر یا باہر سے اندر آنے نہیں دیا جارہا۔ تحریک انصاف کے پاس 188 ارکان جبکہ مسلم لیگ ن کو 180 ارکان کی حمایت حاصل ہے۔ تحریک انصاف کے دو ارکان دوست مزاری اور چوہدری مسعود ملک اپنا ووٹ کاسٹ نہیں کرسکیں گے۔ چوہدری مسعود ترکیہ میں ہیں جبکہ دوست مزاری ڈپٹی اسپیکر کی ذمے داریاں نبھائیں گے۔