پاکستان

وزیراعظم کی ویڈیو کا معاملہ، مریم اورنگزیب نے اصل ویڈیو شیئر کر دی

صحافت اورآزادی اظہار کی آڑ میں جھوٹ پھیلانے اور عمران کی کرپشن سے توجہ ہٹانے پر اے آر وائی کو شرم آنی چاہیے: مریم اورنگزیب

مریم اورنگزیب کا کہنا ہے کہ وزیراعظم کے دورہ بلوچستان کی ویڈیو ایڈٹ کرکے اس میں آوازیں شامل کی گئیں، یہ بشری بی بی کی ”ارسلان بیٹے”کو ہدایت کا تازہ شاہکار ہے۔

وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے ایک بیان میں ویڈیو کو ایڈیٹ کرنے اور جھوٹا پروپیگنڈا کرنیکا ذمہ دار پی ٹی آئی سوشل میڈیا ونگ کو قرار دیا ہے۔ مریم اورنگزیب کا کہنا ہے کہ سیاسی مخالفین کو غداری سے لنک کرانے والی بشری بی بی کی ”ارسلان بیٹے” کو ہدایت کا یہ تازہ شاہکار ہے۔ وفاقی وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ مری میں سیاحوں کی لاشیں برف کے نیچے پڑی رہیں تو اس وقت بشریٰ بی بی نے عمران خان کو جانے کی اجازت نہیں دی، انہیں تکلیف ہے شہباز شریف عوام کے پاس کیوں جاتا ہے، ان سے ہمدردی کیوں کرتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ شہباز شریف کے دورے کی ویڈیو خود میں نے بنا کر میڈیا کو جاری کی، بعد میں جعل سازی سے اس میں آوازیں شامل کی گئیں۔

اصل ویڈیو ہونے کے باوجود جعلی ویڈیو کی تشہیرکرنے والوں پر تنقید کرتے ہوئے مریم نے کہا کہ اے آر وائی نیوز کے پاس بھی اوریجنل ویڈیو موجود ہے، ویڈیو ایف آئی اے سائبر کرائم ونگ بھجوا دی ہے تاکہ ویڈیو میں آوازیں شامل کرنے والے جعلساز قانون کی گرفت میں آئیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ صحافت اورآزادی اظہار کی آڑ میں جھوٹ پھیلانے اور عمران کی کرپشن سے توجہ ہٹانے پر اے آر وائی کو شرم آنی چاہیے، اے آر وائی سچائی اور حقیقت کا ہر لمحے قتل کرتا ہے، اربوں روپے کے غیرقانونی ٹھیکے مل رہے ہوں تو پھر صحافت کے لبادے میں جھوٹ کا پرچار ہی ہوگا۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز وزیراعظم شہباز شریف نے بلوچستان کے سیلاب سے متاثرہ علاقوں کا دورہ کیا تھا جس کے بعد سوشل میڈیا پر وزیراعظم کی سیلاب سے متاثرہ علاقے کا فضائی جائزہ لیتے ہوئے ویڈیو سامنے آئی تھی۔ اسی دوران ایک اور ویڈیو وائرل ہوئی جس میں فضائی جائزہ لینے کے دوران وزیراعظم کوکہا جارہا ہے کہ ‘سر کیمرہ آن ہے اور آپ کی ویڈیو بن رہی ہے’۔ اب مسلم لیگ ن کی جانب سے اصلی اور ایڈٹ شدہ ویڈیو دونوں ساتھ ملا کر جاری کی گئی ہیں جس سے معلوم ہوتا ہے کہ ویڈیو کو ایڈیٹ کیا گیا ہے۔

متعلقہ خبریں

Back to top button

Adblock Detected

We Noticed You are using Ad blocker :( Please Support us By Disabling Ad blocker for this Domain. We don't show any popups or poor Ads.