پاکستان

وزیراعظم شہبازشریف کا یوم دفاع و شہداء پاکستان کے موقع پر اہم پیغام

57 سال قبل ہماری بہادر افواج نے ثابت کر دیا کہ مادرِ وطن کے دفاع کیلئے ہمہ وقت تیار ہیں، قوم ان کو بھرپور خراج عقیدت پیش کر رہی ہے

وزیراعظم شہبازشریف نے یوم دفاع وشہداء پاکستان کے موقع پر پیغام جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ6 ستمبر کا دن دھرتی کے بہادر بیٹوں کی عظیم قربانی کے جذبے کی یاد کے طور پر منایا جاتا ہے۔

تفصیلات کے مطابق مسلم لیگ ن کے صدر و وزیراعظم میاں شہباز شریف نے کہا کہ 57 سال قبل ہماری بہادر افواج نے ثابت کر دیا کہ مادرِ وطن کے دفاع کے لیے ہمہ وقت تیار ہیں، قوم اس سر زمین کے بہادر بیٹوں کو بھرپور خراج عقیدت پیش کر رہی ہے۔ وزیراعظم کا کہنا تھا کہ یہ ہیروز سخت موسموں میں مادرِ وطن کی سرحدوں کو بیرونی اور اندرونی خطرات سے محفوظ رکھ رہے ہیں، ہماری بہادر مسلح افواج نے دہشت گردی کے عفریت کو شکست دے کر 1965 کی جنگ کے قابل فخر ورثے کو آگے بڑھایا۔ انہوں نے نے کہا کہ آپریشن ردالفساد کو کامیابی سے منطقی انجام تک پہنچانے پر عسکری قیادت کو مبارک باد پیش کرتا ہوں، حالیہ سیلاب میں ہزاروں لوگوں کی جانیں بچانے میں مسلح افواج اور دیگر اداروں کے اہلکاروں کے کردار کو سراہتا ہوں۔

وزیر اعظم نے مزید کہا کہ پاکستان مشکل معاشی صورتحال کے باوجود اپنے دفاع کی مضبوطی سے غافل نہیں رہ سکتا،مقبوضہ کشمیر جنوبی ایشیا کی دو ایٹمی طاقتوں کے درمیان فلیش پوائنٹ ہے۔مقبوضہ کشمیر کا اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل علاقائی امن اور ترقی کے لیے ضروری ہے۔ شہباز شریف کا کہنا تھا کہ ہم اس سال پاکستان کی آزادی کی ڈائمنڈ جوبلی منا رہے ہیں، اِس دن میرا دھرتی کے بیٹوں اور بیٹیوں کے لیے پیغام ہے کہ وہ 6 ستمبر کے جذبے کو اپنے دلوں میں زندہ رکھیں، قوم سے اپیل کرتا ہوں وہ اپنی صفوں میں اتحاد پیدا کریں۔ ان کا کہنا تھا کہ قوم اپنی آزادی کے تحفظ کے لیے متحد ہو کر ایسے مذموم عناصر کو شکست دے تو کوئی سازش کامیاب نہیں ہو سکتی۔

متعلقہ خبریں

Back to top button

Adblock Detected

We Noticed You are using Ad blocker :( Please Support us By Disabling Ad blocker for this Domain. We don't show any popups or poor Ads.