پاکستان

پی ٹی آئی کو فیض آباد پردھرنے کی اجازت

تحریک انصاف کو فیض آباد کے قریب دھرنے کی اجازت مل گی، دریں اثنا دارالحکومت جانے والے کئی راستوں کو سیل کردیا گیا

پی ٹی آئی کو فیض آباد کے قریب دھرنے کی اجازت سے متعلق راولپنڈی انتظامیہ نے  56 نکات پر مشتمل اجازت نامہ جاری کردیا ہے۔  اس سلسلے میں جاری نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ برطانیہ کی کرکٹ ٹیم کھیلنے کے لیے راولپنڈی پہنچ رہی ہے، لہٰذا جلسہ کرنے کے بعد جگہ کو مکمل طور پر خالی کیا جائے گا۔

نوٹیفکیشن میں راولپنڈی پولیس کو جلسے کے لیے تمام ضروری سکیورٹی اقدامات کرنے کے احکامات بھی جاری کیے گئے ہیں۔ ساتھ ہی وضاحت کی گئی ہے کہ چیئرمین پی ٹی آئی، اسلام آباد انتظامیہ اور سکیورٹی اداروں کی جانب سے طے شدہ راستہ استعمال کریں گے۔ عمران خان جلسے سے پہلے اور جلسے کے بعد سن روف والی گاڑی بھی استعمال نہیں کریں گے۔

اجازت نامے میں ہدایت کی گئی ہے کہ علامہ اقبال پارک کو کارکنان کے رکنے کے لیے استعمال نہیں کیا جائے گا اور پروگرام کے بعد بالکل خالی کر دیا جائے گا۔ جلسے اور دھرنے کے دوران ریاست مخالف نعرے بازی کی بالکل اجازت نہیں ہوگی۔ ٹریفک پولیس کی جانب سے جاری ٹریفک پلان پر مکمل طور پر عملدرآمد یقینی بنایا جائے گا۔

نوٹیفکیشن میں بتایا گیا ہے کہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے یا جانی نقصان کی ذمے دار جلسہ انتظامیہ ہوگی۔ جلسے و دھرنے میں ڈرون کیمرے کے استعمال کی بالکل اجازت نہیں ہوگی اور شرائط و ضوابط کی خلاف ورزی پر قانونی کارروائی کی جائے گی۔ اسلام آباد انتظامیہ نے اجازت نامے کی کاپیاں تمام متعلقہ اداروں کو بھجوا دی ہیں۔

متعلقہ خبریں

Back to top button

Adblock Detected

We Noticed You are using Ad blocker :( Please Support us By Disabling Ad blocker for this Domain. We don't show any popups or poor Ads.