آغا علی نے اداکارہ حنا الطاف سے اپنی طلاق کی تصدیق کردی
حنا الطاف اور آغا علی میں علیحدگی کی افواہیں گزشتہ 2 برس سے زیرِ گردش تھیں جس حوالے سے جوڑے نے کسی قسم کا بیان نہیں دیا تھا
کراچی(شوبز ڈیسک) پاکستانی اداکار و گلوکار آغا علی نے اداکارہ حنا الطاف سے اپنی طلاق کی تصدیق کردی۔ حنا الطاف اور آغا علی میں علیحدگی کی افواہیں گزشتہ 2 برس سے زیرِ گردش تھیں جس حوالے سے جوڑے نے کسی قسم کا بیان نہیں دیا تھا۔ تاہم اب آغا علی کی جانب سے میزبان احمد علی بٹ کے پوڈکاسٹ میں اپنی طلاق کی اطلاع دی گئی جس کے ویڈیو کلپس سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر وائرل ہیں۔
انٹرویو کے آغاز پر احمد علی بٹ نے آغا کو مخاطب کرتے ہوئے کہا ‘ہیپیلی ڈیوورس مین، آپ کے کیا حال ہیں؟’ اس طرح مخاطب کیے جانے پر آغا علی قہقہہ لگاکر ہنسے اور جواب دیا کہ آپ نے ایک دم کسی کو اونچائی سے نیچے پٹخ دیا۔
احمد علی نے کہا یہ آپ کی ذاتی زندگی ہے اور آپ دونوں ہی بہت پیارے اور خوش اخلاق انسان ہیں، جو بھی ہوا یہ بدقسمتی تھی لیکن زندگی نہیں رُکتی وہ چلتی رہتی ہے، آپ دونوں نے اسے بہت اچھی طرح سے ہینڈل کیا جس کی میں قدر اور عزت کرتا ہوں، ورنہ ہمارے ہاں ڈھنڈورا پیٹ دیا جاتا ہے، سوشل میڈیا پر ڈرامہ بنا دیا جاتا ہے، تو میں آپ سے پوچھوں گا آپ کیسے ہیں۔
آغا علی نے جواب دیا کہ الحمداللہ میں اب کافی اچھا ہوں، زندگی مشکل ہے لیکن کیا کہہ سکتے ہیں، میرے خیال میں زندگی کا کوئی بھی رشتہ ہو جو آپ نے اپنی خوشی سے بنایا ہو تو اس کو قائم رکھنے کے لیے آپ کو جی جان لگاکر پوری کوشش کرنی چاہیے اور دعا کرنی چاہیے لیکن اگر چیزیں درست سمت میں نہ ہوں تو رشتہ ختم کردینا چاہیے۔
اداکار نے کہا اچھی چیز یہ ہے کہ ہم دونوں کبھی ایک دوسرے کی عزت کرنا نہیں چھوڑیں گے اور یہ سب سے اچھی بات ہے کیونکہ اکثر جب رشتہ ختم ہوتا ہے تو لوگ ایک دوسرے کی عزت نہیں کرتے اور نفرت پیدا ہوجاتی ہے، جب بری طرح رشتے ختم ہوں تو بغض اور نفرتیں ہوتی ہیں۔