اداکارہ اریج چوہدری کو سوشل میڈیا پر تنقید کا سامنا کیوں کرنا پڑا؟
اریج نے بتایا کہ "سوشل میڈیا پر جب لوگ مجھے منفی کردار کی وجہ سے گالیاں دیتے ہیں اور بد دعائیں کرتے ہیں، تو وہ مجھے ذاتی طور پر نہیں جانتے
کراچی(شوبز ڈیسک)پاکستانی اداکارہ و ماڈل اریج چوہدری نے حال ہی میں ایک نجی ٹی وی مارننگ شو میں شرکت کی، جہاں انہوں نے ڈراموں میں منفی کرداروں اور سوشل میڈیا پر ملنے والی تنقید کے بارے میں اپنے خیالات کا اظہار کیا۔ اریج چوہدری نے کہا کہ حقیقی زندگی میں وہ بہت مثبت شخصیت کی مالک ہیں اور ان کے لیے منفی کرداروں کو ادا کرنا ایک چیلنج ہوتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ "جو چیزیں میں زندگی میں خود نہیں برداشت کرتی، وہی چیزیں منفی کرداروں کے ذریعے ادا کرنا میرے لیے مشکل ہوتی ہیں”۔اداکارہ نے اپنے حالیہ ڈرامے کی مثال دیتے ہوئے کہا کہ اس میں وہ ایک میاں بیوی کو علیحدہ کر رہی تھیں، جس پر وہ خود بھی سوچتی رہیں کہ یہ سب کیا کر رہی ہیں۔ یہ ان کے لیے ایک نیا اور منفرد تجربہ تھا۔ایک سوال کے جواب میں اریج نے بتایا کہ "سوشل میڈیا پر جب لوگ مجھے منفی کردار کی وجہ سے گالیاں دیتے ہیں اور بد دعائیں کرتے ہیں، تو وہ مجھے ذاتی طور پر نہیں جانتے۔ لیکن جب وہ مجھے آکر ملتے ہیں تو ان کا رویہ بدل جاتا ہے اور وہ کہتے ہیں کہ آپ اتنی بری نہیں لگتیں”۔
اریج چوہدری نے کئی ہٹ ڈراموں میں کام کیا ہے، جن میں "کبھی میں کبھی تم”، "وہ پاگل سی”، "ترک وفا”، "ڈھائی چال”، اور "جنٹلمین” شامل ہیں۔ اس کے علاوہ، وہ پاکستان کی نمائندگی کرتے ہوئے مختلف بین الاقوامی بیوٹی مقابلوں میں بھی شریک ہو چکی ہیں۔