اداکارہ وینا ملک نے ایک بار پھر چونکا دینے والا انکشاف کر ڈالا
میں نے اپنی مرضی سے بالی ووڈ میں کام کرنا چھوڑا اور مجھے نہیں لگتا میں اس مٹی کی بنی ہوئی ہوں کہ کوئی مجھ سے زبردستی کام کروالے، اگر میں نے کام کرنا چھوڑ دیا تو مطلب چھوڑ دیا
کراچی (شوبز ڈیسک) سابقہ اداکارہ و میزبان وینا ملک نے ایک بار پھر چونکا دینے والا انکشاف کر ڈالا ہے جس کے بعد پورے شوبز حلقوں میں نا ختم ہونے والی بحث کا آغاز ہوگیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان کی سابقہ مشہور و معروف اداکارہ وینا ملک نے کہا کہ بھارت میں جب میری فلموں کی شوٹنگ ہوا کرتی تھی تو بھارتی انتہا پسند تنظیم شیو سینا کے بہت سارے لوگ اسلحہ کے ساتھ آئے ہوتے تھے لیکن میں ان سے راستہ دینے اور اپنی وینیٹی میں جانے کا کہتی تھی۔ انہوں نے کہا کہ میں نے اپنی مرضی سے بالی وڈ میں کام کرنا چھوڑا ہے اور مجھے نہیں لگتا میں اس مٹی کی بنی ہوئی ہوں کہ کوئی مجھ سے زبردستی کام کروالے، اگر میں نے کام کرنا چھوڑ دیا تو مطلب چھوڑ دیا۔ اداکارہ کا کہنا تھا کہ میں اپنے فیصلے پر قائم ہوں اور ابھی تک میرا ان باکس بالی وڈ فلم کی آفرز سے بھرا ہوا ہے، بالی وڈ چھوڑنے کے کئی سالوں تک مجھے فلموں کی پیشکش آتی رہیں اور میری ٹیم مجھے کام کرنے کی درخواست کرتی تھی لیکن جب آپ ایک فیصلہ کرلیتے ہیں تو صبر کرنا پڑتا ہے اور یہ اسٹوری لوگوں کو نہیں پتا۔