اداکار حمزہ علی عباسی نے خود مختار اور مضبوط خواتین کو مردوں کے برابر قرار دیدیا
میں فخریہ کہتا ہوں میرے خاندان کی تمام خواتین خودمختار ہیں، مجھے فخر ہے کہ میری والدہ، میری بہن حتی کہ میری بیوی بھی خودمختار ہیں جس پر مجھے فخر ہے
لاہور(کھوج نیوز شوبز ڈیسک) اداکار حمزہ علی عباسی نے کہا ہے کہ جس خاندان کی خواتین خود مختار اور مضبوط ہوں تو وہ اپنے مردوں کیلئے بھی بہت بڑی سپورٹ بن جاتی ہیں۔
تفصیلات کے مطابق اداکار حمزہ علی عباسی کا کہنا تھا کہ میں فخریہ کہتا ہوں میرے خاندان کی تمام خواتین خودمختار ہیں، مجھے فخر ہے کہ میری والدہ، میری بہن حتی کہ میری بیوی بھی خودمختار ہیں جس پر مجھے فخر ہے ۔ حمزہ علی عباسی نے کہا یہ سچ ہے جس خاندان کی خواتین خودمختار ہوں وہ اس خاندان کے مردوں کیلئے بھی بڑی سپورٹ بن جاتی ہیں اور ان کا حوصلہ بن جاتی ہیں۔
حمزہ علی عباسی کا کہنا تھا اس کے برعکس خواتین اس بات پر تعریف کی مستحق ہیں کہ انہوں نے ہراسانی کے خلاف ہرپلیٹ فارم پر آواز اٹھائی ہے، ہمیں اپنی خواتین کو یہ بتانے کی ضرورت ہے کہ جب بھی وہ ایسا کوئی واقعہ دیکھیں تو انہیں بولنے کی ضرورت ہے، آواز اٹھانے کی ضرورت ہے، خواتین کو ایسا ہی ہونا چاہیے کہ وہ جہاں کہیں بھی مثلا (گھر، آفس ، سڑک) ہراسانی جیسے واقعات کو فیس کریں، فوراشو مچادیں، گھر پر بتائیں یا پھر اعلی حکام کو بتائیں لیکن آواز ضرور اٹھائیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ یہ سچ ہے کہ خواتین کو اس وقت شوبز سمیت تمام شعبوں میں ہراسانی کا سامنا کرنا پڑتا ہے جس کے سدباب کیلئے ہم مردوں کو بھی مرکزی کردار نبھانا ہوگا ، ہمیں یقینی بنانا ہوگا کہ ہم جہاں کہیں بھی ہراسانی کے واقعات دیکھیں اس کو قبول نہ کریں اس کے خلاف آواز اٹھائیں نہ کہ ان واقعات کی حوصلہ افزائی کریں، بدقسمتی سے ہم مردوں نے ہراسانی کو عام سمجھ رکھا ہے، یہ بھی سچ ہے کہ کئی جگہوں پر ہم مردوں کی وجہ سے ہی اس کیسز میں اضافہ ہوتا ہے۔