شوبز

ارشد ندیم کی بائیوپِک میں کونسا ہیرو فن کے جوہر دکھائے گا؟

فلم میں ارشد کا کردار نبھانے والے ہیروز کی لسٹ میں کئی اہم نام سامنے آ گئے

لاہور(شوبزڈیسک)پاکستان میں کرکٹر شاہد آفریدی پر اور بھارت میں اتھلیٹ ملکھا سنگھ پر بائیو پکس بن چکی ہیں۔ اب پاکستان فلم انڈسٹری میں فیصلہ کیا گیا ہے کہ ارشد ندیم کی بائیو پک بنائی جائے کیونکہ انہوں نے پیرس اولمپکس میں گولڈ میڈل جیت کر قوم کا سر بلند کیا ہے۔پیرس اولمپکس میں جیولن تھرو مقابلوں میں پاکستان کے لیے طلائی تمغہ جیتنے والے اسٹار ایتھلیٹ ارشد ندیم کی بائیو پِک بننے کی خبروں نے زور پکڑلیا ہے۔8 اگست شب ارشد ندیم نے 92.97 کی تھرو کے ساتھ نہ صرف جیولن فائنل جیت لیا بلکہ اولمپکس میں 2008 میں قائم کیا گیا ریکارڈ بھی توڑا تھا۔ارشد نے جو تھرو پھینکی وہ ان کے کریئر کی سب سے بڑی جبکہ دنیا میں اب تک پھینکی جانے والی چھٹی سب سے طویل جیولن تھرو تھی۔2 جنوری 1997 کو پاکستان کے صوبہ پنجاب کے شہر میاں چنوں کے قریب ایک چھوٹے سے قصبے میں پیدا ہوئے۔

ارشد ندیم کی شاندار کامیابی کے بعد پاکستانی عوام یہ سوچ رہے ہیں کہ ارشد ندیم کی زندگی پر ایک فلم بننی چاہئے جس سے سب کو یہ سبق ملے کہ وہ اس مقام پر کتنی محنت کے بعد پہنچے۔اس حوالے سے نہ صرف ارشد ندیم کے عام مداح بلکہ شوبز سے تعلق رکھنے والی شخصیات بھی سوچ رہی ہیں جن میں ہمایوں سعید بھی شامل ہیں۔نجی ٹی وی چینل کو انٹرویو دیتے ہوئے ہمایوں سعید نے کہا کہ’ وہ ارشد ندیم کی زندگی پر ڈراما بنانے کا سوچ رہے ہیں’۔

دوسری جانب اداکار و گلوکار محسن عباس حیدر نے بھی فیس بک پر پوسٹ شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ ‘براہِ کرم ارشد ندیم کی زندگی پر فلم بنائی جائے جس میں ان کی اولمپکس میں فتح تک کی کہانی دکھائی جائے، میں اس بائیوگرافی میں ارشد ندیم کا کردار ادا کرنا پسند کروں گا’۔سوشل میڈیا پر ارشد ندیم کے دیوانے پاکستانی ہدایتکاروں اور فلمسازوں سے ارشد ندیم کی بائیوپک بنانے کی درخواست کرتے نظر آرہے ہیں۔ایک صارف نے بلال لشاری اور نبیل قریشی سے مخاطب ہوتے ہوئے کہا کہ ‘آپ دونوں اس فلم کے حوالے سے سوچیں، پڑوس ملک میں ان کے چیمپئنز پر بے شمار فلمیں بن چکی ہیں، درخواست ہے کہ فلم میں ارشد ندیم کا کردار ہمایوں سعید سے کروایے گا’۔

ایک اور صارف نے لکھا کہ ‘ایک ارشد ندیم بھارتی کھلاڑی ہوتا تو اب تک تک بالی وڈ میں انکی بائیوگرافی پر کام بھی شروع ہوچکا ہوتا، اب پاکستانی فلمسازوں کے ہاتھ میں ہے کہ وہ اس بہترین موقع کا کتنا فائدہ اٹھاتے ہیں’۔ایک اور صارف نے لکھا کہ ‘فلم بنائیں اور اس میں ارشد ندیم کا کردار ہمایوں سعید کو دیں اور فلم کا نام ‘اولمپکس نہیں جائوں گا’ رکھ دیں’۔ایک سوشل میڈیا صارف نے لکھا کہ’ فلم کی کہانی خلیل الرحمان قمر سے لکھوائیں، جسکی ہدایتکاری کی ذمہ داری بلال لشاری سنبھالیں، سکس سگما انٹرٹینمنٹ اسے پروڈیوس کرے اور ندیم ارشد کا کردار عمر شہزاد سے کروائیں’۔ چند مداح ہمایوں سعید کے علاوہ اداکار و یوٹیوبر ارسلان نصیر اور گلوکار و اداکار علی ظفر کا نام بھی دیتے نظر آئے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button