امیتابھ بچن کی جائیداد میں بیٹی کو کیا اورابھیشک کے حصہ میں کیا آئیگا؟
اداکار کا اپنی جائیداد کی تقسیم کے حوالے سے انٹرویو ایک بار پھر وائرل ہوگیا
لاہور(شوبزڈیسک) بالی ووڈ میں بِگ بی کے نام سے مشہور امیتابھ بچن کا اپنی جائیداد کی تقسیم کے حوالے سے پرانا انٹرویو ایک بار پھر وائرل ہوگیا۔ بھارتی میڈیا پر امیتابھ بچن کا پرانا انٹرویو وائرل ہورہا ہے جوکہ انہوں نے سال 2011 میں دیا تھا، اس انٹرویو میں لیجنڈری اداکار نے اپنے بچوں میں اپنی جائیداد کی تقسیم کے حوالے سے بات کی تھی۔امیتابھ بچن کا کہنا تھا کہ میں نے اپنی جائیداد کو اپنے بیٹے ابھیشیک بچن اور بیٹی شویتا بچن نندا کے درمیان برابر تقسیم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
لیجنڈری اداکار نے کہا تھا کہ جیا اور میں نے پہلے ہی یہ بات طے کرلی ہے کہ ہم اپنے دونوں بچوں کے درمیان کوئی فرق نہیں کریں گے اور میرے مرنے کے بعد میرے پاس جو کچھ بھی ہوگا وہ میرے بیٹے اور بیٹی کے درمیان برابر تقسیم ہوگا۔انہوں نے مزید کہا کہ لوگ کہتے ہیں کہ بیٹیاں پرائی ہوتی ہیں لیکن میری لیے میری بیٹی جیسے شادی سے پہلے تھی ویسے ہی شادی کے بعد بھی اہم ہے، میری بیٹی کے بھی وہی حقوق ہیں جو ابھیشک کے ہیں۔
واضح رہے کہ گزشتہ سال امیتابھ اور جیا بچن نے اپنی بیٹی کو اپنا بنگلہ پرتیکشا تحفے میں دیا تھا جس کی قیمت اس وقت بھارتی مالیت میں تقریبا 50 کروڑ روپے تھی جبکہ یہ 674 مربع میٹرز اور 890.47 مربع میٹرز کے 2 پلاٹوں پر مشتمل ہے۔امیتابھ بچن اور جیا بچن نے سال 1975 میں ریلیز ہونے والی فلم شعلے کی زبردست کامیابی کے بعد پہلا بنگلہ پرتیکشا خریدا تھا، یہ جوڑی پہلے اسی بنگلے میں رہائش پذیر تھی۔