شوبز

بانی پی ٹی آئی کی حمایت میں گیت’کمار سانو کو وضاحت دینا پڑ گئی

' اے آئی ٹیکنالوجی کا کرشمہ نکلا اریجیت بھی اے آئی سے موسیقی بنانیوالوں کیخلاف عدالت جا چکے

لاہور(شوبزڈیسک) 1993 میں جب انڈین گلوکار کمار سانو نے فلم پھول اور انگار ے کے لیے گانا” چوری چوری دل تیرا چرائیں گے، اپنا تمہیں ہم بنائیں گے” گایا ہو گا تو ان کے وہم و گمان بھی نہیں ہو گا کہ 31 برس بعد انہیں اس گانے سے متعلق پاکستانیوں کے لیے وضاحتیں جاری کرنا پڑیں گی۔گذشتہ کچھ ہفتوں سے پاکستانی سوشل میڈیا اکائونٹس سے شیئر کیا گیا کمار سانو کی آواز میں ایک گیت گردش کر رہا ہے جس کے بول کچھ اس طرح ہیں:”عمران خان کو آزاد کرائیں گے، وزیراعظم بنائیں گے”۔اس گیت میں بس ایک چھوٹا سا مسئلہ یہ تھا کہ یہ آواز بھلے ہی کمار سانو کی لگ رہی تھی لیکن درحقیقت ان کی تھی نہیں۔

اس جعلی گیت کے بارے میں یقینا کمار سانو کو بھی پتا چلا ہو گا اور اسی وجہ سے انہوں نے اپنے انسٹاگرام اکائونٹ سے اس حوالے سے وضاحت جاری کرنا ضروری سمجھا۔انہوں نے لکھا کہ میں واضح کرنا چاہتا ہوں کہ میں نے کبھی بھی پاکستان کے سابق وزیراعظم کے لیے کوئی گیت نہیں گایا۔کمار سانو نے اپنی انسٹاگرام کی پوسٹ میں مزید لکھا کہ فیس بک پر گردش کرنے والی آڈیو میں جو آواز ہے وہ میری نہیں بلکہ آرٹیفشل انٹیلی جنس کا استعمال کر کے بنائی گئی ہے۔

انڈین گلوکار مزید لکھتے ہیں کہ کچھ لوگ مجھے بدنام کرنے کی کوشش کر رہے ہیں اور اس لیے میں آپ کو بتانا چاہتا ہوں کہ یہ ایک فیک نیوز ہے۔کمار سانو نے انڈین حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ مصنوعی ذہانت اور ڈیپ فیک ٹیکنالوجی کے غلط استعمال کو روکیں ۔تاحال یہ معلوم نہیں ہو سکا ہے کہ کمار سانو کی آواز کو مصنوعی ذہانت کے ذریعے کلون کرتے ہوئے کس نے استعمال کیا اور کس اکائونٹ کے ذریعے کہاں اپ لوڈ کیا گیا یہ بھی مشکل کام ہے۔

خیال رہے کہ گذشتہ برس دسمبر میں پاکستان تحریکِ انصاف کی جانب سے اپنے بانی عمران خان سمیت دیگر پارٹی رہنمائوں کی جیل میں موجودگی کے باعث ان کی جماعت نے الیکشن سے قبل عوام تک اپنا پیغام پہنچانے کے لیے ورچوئل جلسے کا راستہ اپنایا تھا اور مصنوعی ذہانت کی مدد سے عمران خان کا وائس کلون بھی تیار کیا تھا۔

ایسا پہلی بار نہیں ہوا کہ کسی گلوکار یا موسیقار نے مصنوعی ذہانت سے بنائی جانے والی موسیقی یا گانے پر اعتراض کیا ہو۔اس سے قبل انڈین گلوکار اریجیت سنگھ نے کچھ مصنوعی ذہانت کی مدد سے موسیقی بنانے والے پلیٹ فارمز کے خلاف ممبئی ہائیکورٹ میں مقدمہ درج کرایاتھا۔اس سے قبل بلی ایلش اور نکی مناج سمیت دنیا کے 200 سے زائد گلوکاروں نے ایک خط لکھا تھا جس میں انہوں نے گلوکاروں کی آواز چرانے کے لیے مصنوعی ذہانت کے غلط استعمال کو روکنے کا مطالبہ کیا تھا۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button