جس سے نکاح ہوا اس سے رخصتی نہ ہوئی، یہ ہوا تھا مایا کیساتھ
انٹرنیٹ پر وائرل ہونے والی ان کی شادی کی زیادہ تر تصاویر جعلی ہیں:اداکارہ
لاہور(شوبزڈیسک)اداکارہ و ٹی وی میزبان مایا خان نے انکشاف کیا ہے کہ انٹرنیٹ پر وائرل ہونے والی ان کی شادی کی زیادہ تر تصاویر جعلی ہیں۔ وہ تصاویر ان کے نکاح کی ہیں اور جن سے ان کا نکاح ہوا تھا، ان سے شادی نہیں ہوئی تھی۔ مایا خان نے ایک انٹرویو میں بتایا کہ ان کے والد سفیر تھے اور ان کا انتقال اس وقت ہوا جب وہ بہت کم عمر تھیں اور ان کے بڑے بھائی ان کے والد کی طرح تھے۔ اداکارہ و ٹی وی میزبان نے پروگرام کے دوران بتایا کہ وہ زمانہ طالب علمی سے ہی وائس اوور آرٹسٹ تھیں اور اس وقت وہ پاکستان ٹیلی وژن میں بھی وائس اوور کیا کرتی تھیں، پھر انہیں وہی بچوں کے سوال و جواب کا پروگرام کرنے کو کہا گیا۔
انہوں نے بتایا کہ کم عمری میں ہی پی ٹی وی میں کام کرنے کے بعد وہ کئی سال تک میڈیا سے دور رہیں لیکن پھر انہوں نے بطور ٹی وی میزبان کام شروع کیا۔ مایا علی خان کا کہنا تھا کہ 2012 میں ان کے ایک شو کی وجہ سے تنازع ہوا اور وہ جیسے ہی شو کرکے گھر واپس آئیں تو سوشل میڈیا پر انہیں نکالنے کا لیٹر وائرل ہوا اور چند ہی دن میں ملک سمیت بیرون ممالک کی اخبارات میں ان سے متعلق خبریں شائع ہونا شروع ہوگئیں اور ان پر خوب تنقید کی گئی۔
اس وقت مایا خان ایک ٹی وی کے لیے مارننگ شو کیا کرتی تھیں، جس دوران انہوں نے ایک شو میں پارکس میں بیٹھے لڑکے اور لڑکیوں پر چھاپہ مارکر انہیں براہ راست دکھایا تھا، جس پر انہیں تنقید کا نشانہ بنایا گیا تھا۔ انہوں نے مزید بتایا کہ ایک دہائی بعد اب وہ دوبارہ ٹی وی اسکرین پر نظر آنے لگی ہیں اور انہوں نے 10 سال کے دوران کئی مشکلات دیکھیں۔ جن دنوں میں ان کے مارننگ شو پر تنازع ہوا، ان ہی دنوں میں امریکا میں مقیم ان کے بھائی میں کینسر کی تشخیص ہوئی اور وہ ان کے تنازعات کی خبریں دیکھنے اور سننے کے بعد چل بسے۔
اسی دوران انہوں نے بتایا کہ 2011 میں ان کا نکاح ہوگیا تھا لیکن بدقسمتی سے جس شخص کے ساتھ ان کا نکاح ہوا، ان سے شادی نہیں ہوسکی اور بعض وجوہات کی وجہ سے ان سے رخصتی سے قبل ہی طلاق ہوگئی۔ انہوں نے واضح کیا کہ انٹرنیٹ پر ان کی شادی کی وائرل ہونے والی زیادہ تر تصاویر ان کے نکاح کی ہیں لیکن انہیں شادی کی بنا کر پیش کیا جاتا ہے۔ اداکارہ و ٹی وی میزبان کے مطابق جن سے ان کا نکاح ہوا، ان سے ان کی شادی نہیں ہوئی، اس لیے وہ تصاویر پھیلانا بند کی جائیں۔
مایا خان نے بتایا کہ انہوں نے دوسرے شخص سے شادی کی تھی اور اب تیسری بار شادی کرنے کا فی الحال ان کا کوئی ارادہ نہیں۔ اس سے قبل گزشتہ برس ایک انٹرویو میں مایا خان نے بتایا تھا کہ جن سے رخصتی کے بغیر ان کی طلاق ہوئی تھی، اس کے بعد انہوں نے دوسرے شخص سے شادی کی تھی اور ساتھ ہی اعتراف کیا تھا کہ ان کا شادی کرنے کا فیصلہ غلط تھا۔ انہوں نے بتایا کہ جس شخص سے انہوں نے شادی کی، انہوں نے انہیں بدترین جسمانی تشدد کا نشانہ بنایا، ان کی تضحیک کی اور پھر ان سے بھی ان کی طلاق ہوگئی۔ مایا خان نے اپنے دونوں انٹرویوز میں سابق شوہروں سے متعلق زیادہ تفصیلات نہیں بتائی تھیں اور واضح طور پر طلاقوں کا سبب بھی نہیں بتایا تھا۔ البتہ انہوں نے دوسری طلاق اور شوہر سے متعلق بتایا تھا کہ وہ ان پر تشدد کرتے تھے۔