”جینٹل مین” کا رحمتی بھارتی سنجو بابا کی کاپی ؟
رحتمی کو عدنان صدیقی کے کیریئر کا بہترین کردار قرار دیا جارہا ہے
لاہور(شوبزڈیسک)نجی انٹرٹینمنٹ ٹی وی چینل پر ان دنوں ڈرامہ سیریل جینٹلمین اور اس میں شامل ایک انتہائی منفرد کردار رحمتی کی دھوم مچی ہے۔ ڈراما جینٹلمین میں رحمتی کا کردار سینیئر اداکار عدنان صدیقی نے ادا کیا ہے جسے شائقین بے حد پسند کررہے ہیں۔جہاں شائقین کی جانب سے رحتمی کو عدنان صدیقی کے کیریئر کا بہترین کردار قرار دیا جارہا ہے، وہیں بعض لوگوں کا ماننا ہے کہ عدنان صدیقی نے ڈراما جینٹلمین میں رحمتی کا کردار بالی ووڈ اداکار سنجے دت سے متاثر ہوکر کیا ہے کیونکہ سنجے دت ماضی میں کئی فلموں میں اس طرح کے کردار ادا کرچکے ہیں۔
تاہم، عدنان صدیقی نے لوگوں کے اس دعوی کو مسترد کردیا ہے۔ حال ہی میں ایک انٹرویو میں انہوں نے اس حوالے سے ایک سوال کے جواب میں بتایا کہ ڈراما جینٹلمین کی ریکارڈنگ سے پہلے ہم سب (ڈراما کی ٹیم) مل کر بیٹھے اور تبادلہ خیال کیا کہ رحمتی کا کردار کیسا ہونا چاہیے، ہم نے اس کردار کے حلیے، اسٹائل اور رویے کے بارے میں بات کی۔عدنان صدیقی نے کہا، میں نے ہمایوں سعید اور ڈائریکٹر ہیثم حسین نے رحمتی کے کردار پر تفصیل سے بحث کی، میں نے یہ کردار اپنے ایک دوست سے کاپی کیا ہے، میرا یہ دوست ایسے ہی تمباکو چباتا ہے، آنکھوں میں سرمہ لگاتا ہے اور ایسی ہی جیولری پہنتا ہے۔
انہوں نے کہا، بہت سے لوگ کہہ رہے ہیں کہ میں نے یہ کردار سنجے دت سے متاثر ہوکر کیا، میں اس بارے میں کیا کہہ سکتا ہوں، اچھی بات یہ ہے کہ لوگ میرے کام کا موازنہ بھی ایک اچھے کام سے کررہے ہیں، میں نے جان بوجھ کر سنجے دت کا کردار کاپی نہیں کیا، یہ ایک کردار ہے اور سنجے دت اس مخصوص کردار کے کاپی رائیٹس نہیں رکھتے۔