حمیرا چنا 60ہزار کا بجلی بل دیکھ کر چکرا گئیں’وڈیو وائرل ہو گئی
اے سی صرف رات کو چلتا ہے' خدارا احساس کریں اور فنکاروں کو رعایت دیں' گلوکارہ
لاہور(شوبزڈیسک)پاکستانی کی معروف پاپ و پلے بیک سنگر حمیرا چنا نے حکومت کو فنکاروں کیلئے بلز کی ادائیگی میں رعایت دینے کا مطالبہ کر دیا۔ملک بھر میں ایک طرف شدید گرمی میں طویل لوڈشیڈنگ کا سلسلہ جاری ہے تو دوسری طرف بھاری بلوں نے بھی عام آدمی کی کمر توڑ دی ہے۔سوشل میڈیا پر گلوکارہ حمیرا چنا کی بھی ایک ویڈیو سامنے آئی ہے جس میں انہیں زیادہ بل آنے پر پریشان ہوتے اور حکام بالا سے بلوں میں رعایت کی درخواست کرتے دیکھا جا سکتا ہے۔
ویڈیو میں حمیرا چنا کا کہنا ہے کہ خدارافنکاروں کا تھوڑا سا احساس کریں، اس وقت فنکاروں سمیت پورے ملک کے حالات اچھے نہیں ہیں لیکن فنکار بغیر کسی سپورٹ اور وظائف کے اپنے فرائض ادا کر رہے ہیں لہذا حکومت کو بھی فنکاروں کا خیال کرنا چاہیے۔گلوکارہ نے حکومت سے درخواست کی کہ مہنگائی کی وجہ سے ہم بھی عام شہریوں کی طرح بہت پریشان ہیں، فنکاروں کو بلوں میں رعایت دی جائے۔
وائرل ویڈیو میں حمیرا چنا نے بتایا کہ میرا ایک اے سی کا بل 60 ہزار روپے آیا ہے، جبکہ میرے گھر میں اے سی صرف رات کو چلایا جاتا ہے۔حمیرا چنا نے یہ بھی کہا کہ ہم فنکار بھی پاکستان کے ذمہ دار شہری ہیں، ہمارے ملک کے حالات حتی کہ انٹرٹینٹمنٹ کے حالات بھی سب کے سامنے ہیں، ہمارا اوڑھنا بچھونا فن ہی ہے، حکومت کو چاہیے کہ ہمارا تھوڑا سا احساس کرے۔