دوسری زندگی ملی تو پاکستان کی بجائے کسی اور ملک میں پیدا ہونا چاہوں گا: راشد محمود کے بیان نے چونکا دیا
صارفین حالیہ انٹرویو میں ان کے بیان کو متنازع قرار دے رہے ہیں اور کہہ رہے ہیں کہ اسلام میں دوسرے جنم کا کوئی تصور نہیں ہے
لاہور(شوبز ڈیسک) پاکستان کے سینئر اداکار راشد محمود نے بیان دیا کہ اگر دوسری زندگی ملی تو پاکستان کی بجائے کسی اور ملک میں پیدا ہونا چاہوں گا جس کے بعد سب چونک کر رہ گئے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق اداکار راشد محمود نے وطنِ عزیز سے مایوسی کا اظہار کیا اور اپنا حال دل بیان کیا’ انہوں نے کہا کہ اس ملک میں پیدا ہونے کے بعد جو میں اب تک برداشت کر چکا ہوں ، لگتا ہے اب اگلے جنم میں، میں مزید عذاب سے بچ جاؤں گا۔ اداکار نے کہا کہ اگر مجھے ایک اور زندگی مل گئی تو مجھے لگتا ہے کہ مجھے کسی اور ملک میں پیدا ہونا چاہیے اور میں یہ باتیں صرف انفرادی حیثیت سے نہیں بلکہ قومی جذبے سے اور پوری قوم کی جانب سے کر رہا ہوں۔ دوسری جانب راشد محمود کے انٹرویو کا ویڈیو کلپ سوشل میڈیا پر وائرل ہے جس پر صارفین کی جانب سے تنقید کی جارہی ہے۔ صارفین حالیہ انٹرویو میں ان کے بیان کو متنازع قرار دے رہے ہیں اور کہہ رہے ہیں کہ اسلام میں دوسرے جنم کا کوئی تصور نہیں ہے۔