شوبز

زیب اینڈ ہانیہ میوزک بینڈ کو صدمہ’ہانیہ چل بسیں

2001 میں اپنی کزن زیب کے ساتھ گانا چپ گایا جو وائرل ہوگیا

لاہور(شوبزڈیسک)مشہور پاکستانی میوزک بینڈ زیب اینڈ ہانیہ کی ہانیہ اسلم انتقال کرگئیں۔گلوکارہ ہانیہ اسلم کی کزن اور سنگر زیب بنگش نے انسٹاگرام پر ان کے انتقال کی تصدیق کی ہے۔ ہانیہ اسلم کا گزشتہ روز دل کا دورہ پڑنے کے باعث انتقال ہوا۔ ان کی نماز جنازہ آج شام ساڑھے 5 بجے اسلام آباد کے ایچ ایٹ قبرستان میں ادا کی جائے گی۔ہانیہ اسلم کراچی میں پیدا ہوئیں۔ ان کا تعلق خیبرپختونخوا کے ضلع کوہاٹ سے تھا۔ انہوں نے امریکا اور برطانیہ سے تعلیم حاصل کی اور کینیڈا سے آڈیو انجینئرنگ ڈپلومہ حاصل کیا۔ 2020 میں ایک میگزین کو دیے گئے انٹرویو میں ان کا کہنا تھا، میں نہیں جانتی کہ میں نے میوزک کا انتخاب کیا ہے یا میوزک نے میرا انتخاب کیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ انڈرگریجویٹ ڈگری کے دوران انہوں نے گٹار سیکھنا شروع کیا، 2001 میں اپنی کزن زیب کے ساتھ گانا چپ گایا جو وائرل ہوگیا۔ انہوں نے بتایا کہ زیب اینڈ ہانیہ نے پاکستان کے بہترین موسیقاروں کے ساتھ گانے بنائے اور دنیا بھر میں جاکر گائے۔زیب اینڈ ہانیہ کے گانوں کا پہلا البم چپ 2008 میں ریلیز ہوا جسے لوگوں نے بے حد پسند کیا تاہم اس بینڈ کو 2009 میں کوک اسٹوڈیو سے شہرت حاصل ہوئی۔ زیب اینڈ ہانیہ میوزک بینڈ نے اردو، پشتو، فارسی اور ترک زبان میں گانے ریلیز کیے۔ ان کے گانوں میں روایتی پاکستانی میوزک کے ساتھ جدید مغربی میوزک کا امتزاج پایا جاتا تھا۔

زیب اینڈ ہانیہ کے مشہور گانوں میں چل دیے، پیمانہ، لیلی جان اور اعتبار شامل ہیں۔ اس کے علاوہ ان دونوں کزنز نے بولی ووڈ فلم ہائی وے میں متعدد مشہور گلوکاروں کے ہمراہ گانا سوہا ساہا بھی گایا جس کے موسیقار آسکر ایوارڈ یافتہ کمپوزر اے آر رحمان تھے۔ہانیہ اسلم کے اچانک انتقال کی خبر پر فنکاروں اور سوشل میڈیا صارفین نے تعزیت کا اظہار کیا ہے اور مرحومہ کے درجات کی بلندی کے لیے دعا کی ہے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button