شرجینا اور مصطفی چوری کا الزام لگنے پر گھر چھوڑ کر نئی دنیا بسانے نکل پڑے
فہد مصطفی نے رومانوی سین کے بعد ہانیہ کو دھکا مار دیا' مداح حق میں بول پڑے
لاہور(شوبزڈیسک)پاکستان اور بھارت میں دھوم مچانے والے ڈرامے ”کبھی میں کبھی تم”کی شوٹنگ کے دوران اداکار فہد مصطفی ساتھی اداکارہ ہانیہ عامر کو دھکا مارتے پکڑے گئے۔ان دنوں اردو زبان سمجھنے والے افراد ڈراما کبھی میں کبھی تم کے سحر میں مبتلا ہیں اور ہر طرف شرجینا اور مصطفی کے ناموں کا شور ہے۔ڈراما کی کہانی فرحت اشتیاق نے لکھی جبکہ اس میں فہد مصطفی نے ‘مصطفی’ نامی مست ملنگ اور کام چور لڑکے کا کردار نبھایا جبکہ ہانیہ عامر انکی اہلیہ ، ہونہار اور محنتی ‘شرجینا’ کا کردار نبھاتی نظر آرہی ہیں۔
مشرق اور مغرب کا یہ ملاپ ناظرین کے دل جیت چکا ہے اور اس ڈرامے کی ہر قسط کا انتظار پاکستان اور بھارت میں بے صبر ہوکر کیا جارہا ہے۔ڈراما مختلف اتار چڑھا کے بعد اب درمیان میں آپہنچا ہے جہاں شرجینا اور مصطفی چوری کا الزام لگنے کے سبب گھر چھوڑ کر اپنی نئی دنیا بسانے نکل پڑے ہیں۔جہاں ناظرین اس وقت شرجینا اور مصطفی کو اپنے گھر میں آکر رہنے کی آفر دے رہے ہیں وہیں سوشل میڈیا پر شرجینا کے حق میں بھی مداح نکل آئے ہیں جس کی وجہ ایک نئی وائرل ویڈیو بن رہی ہے۔
وائرل ویڈیو میں ہانیہ عامر اور فہد مصطفی رومانوی انداز اپناتے ہوئے رقص کرتے دکھے اور دونوں اس ویڈیو میں مصطفی اور شرجینا کے کردار میں ہی ہیں۔ویڈیو میں فہد مصطفی، ہانیہ کا ہاتھ سے پکڑ کر گھومتے ہیں اور پھر اپنے قریب لے آتے ہیں جس کے فورا بعد وہ ہانیہ کو دھکا دے کر دوسری جانب چل دیے۔فہد مصطفی کے ہاتھوں دھکا کھانے والی ہانیہ عامر ویڈیو چیختی نظر آئیں کہ ‘مجھے مار رہا ہے یہ’ جبکہ فہد مصطفی ہنستے نظر آئے۔ویڈیو کے کمنٹ سیکشن میں ایک مداح نے لکھا کہ ‘بہت غلط بات ہے’ جبکہ ایک اور مداح نے لکھا کہ ‘مصطفی شرجینا کی آنکھوں میں کھوجانے کے ڈر سے دور بھاگ رہے ہیں’۔