شردھا کپور نے دیسی گرل پریانکا چوپڑاکو ڈھیر کردیا؟
اداکارہ نے انسٹاگرام فالوورز میں پہلے مودی کو پچھاڑا اب پریانکا کو
لاہور(شوبزڈیسک)بھارتی دلکش اداکارہ شردھا کپور نے بالی وڈ و ہالی وڈ کی اداکارہ و گلوکارہ پریانکا چوپڑا کو بھی انسٹاگرام کے فالوورز گیم کی دوڑ میں پیچھے چھوڑ دیا۔سال 2013 میں ریلیز ہونے والی فلم عاشقی میں جلوہ گر ہونے والی اداکارہ شردھا کپور کو’آروہی’کے کردار سے وہ شہرت حاصل ہوئی کہ یہ فلمی کردار ان کی پہچان بن گیا۔ان دنوں شردھا کپور اپنی فلم ‘استری’ کے سیکوئل ‘استری 2’ کی شاندار کامیابی کو انجوئے کر رہی ہیں اور اس کامیابی کا جشن بھی مناتی نظر آرہی ہیں۔
اگرچہ شردھا کپور کے متوالے دنیا بھر میں موجود ہیں لیکن 15 اگست کو ریلیز ہونے والی فلم ‘استری 2’ کی شاندار اوپننگ کے بعد سے شردھا کپور کے انسٹاگرام اکانٹ پر فالوورز کی تعداد ہر گزرتے لمحے کے ساتھ بڑھتی جارہی ہے۔ریلیز کے ایک ہفتے کے اندر شردھا کپور نے بھارتی وزیرِ اعظم و بھارتی جنتا پارٹی (بی جے پی) کے لیڈر نریندر مودی کو انسٹاگرام پر مات دیتے ہوئے بھارت کی انسٹاگرام پر تیسری سب سے زیادہ فالو کی جانے والی شخصیت کا اعزاز اپنے نام کرلیا تھا۔
شردھا کپور کے انسٹاگرام پر فالوورز کی تعداد 91.4 ملین تک جاپہنچی تھی جس کے بعد نریندر مودی 91.3 ملین فالوورز کے ساتھ شردھا کپور سے پیچھے رہ گئے تھے۔شردھا کپور کے اس اعزاز کو حاصل کرنے کے بعد سوشل میڈیا پر یہ پیشگوئی کی جارہی تھی کہ جلد ہی وہ پریانکا چوپڑا سے اس فہرست میں دوسرا نمبر چھین لیں گی اور یہ پیش گوئی بھی سچ ثابت ہوچکی ہے۔اس فہرست میں پہلے نمبر پر بھارتی دنیائے کرکٹ کے کنگ ویرات کوہلی ہیں جن کے بعد دیسی گرل پریانکا چوپڑا کا نمبر تھا۔
بالی وڈ کی دیسی گرل کے انسٹاگرام پر فالوورز کی تعداد 91.8 ملین اور شردھا کپور کے فالوورز کی تعداد 92.1 ملین ہوچکی ہے اور ہر نئے دن کے ساتھ اس تعداد میں واضح اضافہ دیکھنے کو مل رہا ہے۔ لیکن ہاں اس فہرست میں پہلے نمبر پر آنا تھوڑا کام ہے کیونکہ ویرات کوہلی کے انسٹاگرام پر 271 ملین فالوورز ہیں۔