شرمیلا فاروقی کی پیرس میں مکیش امبانی اور ایشا کیساتھ تصاویر وائرل
ارب پتی امبانی خاندان پیرس اولمپکس کی کچھ تقریبات میں شرکت کرے گا
لاہور(شوبزڈیسک)پاکستان پیپلز پارٹی کی رہنما اور ایم این اے شرمیلا فاروقی کی پیرس میں ایشیا کے امیر ترین امبانی خاندان سے ملاقات ہوئی جس کی تصاویر سوشل میڈیا سمیت بھارتی میڈیا پر بھی گردش کررہی ہیں۔شرمیلا فاروقی نے گزشتہ روز اپنے مصدقہ انسٹاگرام اکائونٹ کی اسٹوری پر مکیش امبانی کی اکلوتی بیٹی ایشا امبانی کے ساتھ تصویر شیئر کی۔ایشا امبانی اور اپنی تصویر کے کیپشن میں شرمیلا فاروقی نے لکھا امبانی امبانی کرتے مل ہی گئی ایشا امبانی سے۔
دوسری جانب شرمیلا فاروقی کے شوہر حشام شیخ نے اہلیہ اور بیٹے حسین کے ہمراہ مکیش امبانی کے ساتھ فوٹو شیئر کی ہے، یہ ہی تصویر شرمیلا نے بھی اپنے انسٹاگرام کی اسٹوری پر شیئر کی۔شرمیلا نے اس اسٹوری پر بتایا کہ ان کی مکیش امبانی سے ملاقات ڈزنی لینڈ میں ہوئی ہے، کیپشن میں ان کا لکھنا تھا کہ اور ایک بار پھر امبانی۔
تصاویر اور کیپشنز سے اندازہ لگایا جاسکتا ہے کہ شرمیلا فاروقی کی بھارت کی ان امیر ترین معروف شخصیات سے ملاقات ایک ساتھ نہیں بلکہ یکے بعد دیگرے ہوئی ہے۔دوسری جانب بھارتی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق ارب پتی امبانی خاندان کی آنے والے پیرس اولمپکس کی کچھ تقریبات میں شرکت کی توقع ہے۔