صبا قمرنے اپنی گندی عادت کی نشاندھی خود ہی کردی
ڈیزائنرز کے مہنگے ترین ملبوسات نہ پہننے کی وجہ بھی کھول کر رکھ دی
لاہور(شوبزڈیسک) پاکستان سمیت پڑوسی ملک بھارت میں بھی اپنی اداکاری کے جوہر دکھانے والی معروف اداکارہ صبا قمر نے ڈیزائنرز کے مہنگے کپڑے نہ پہننے کی وجہ بتا دی۔ماضی میں صبا قمر نے نجی ٹی وی چینل کے مارننگ شو میں بطورِ مہمان شرکت کی تھی جہاں انہوں نے اپنی خراب عادت کے بارے میں بتایا تھا۔
اداکارہ کا یہ انٹرویو ایک بار پھر سوشل میڈیا پر وائرل ہورہا ہے، وائرل انٹرویو کے مطابق شو کی میزبان کے سوال کا جواب دیتے ہوئے صبا قمر نے کہا تھا کہ میرے اندر ایک گندی عادت ہے کہ میں لوگوں کو سونگھتی رہتی ہوں۔صبا قمر نے کہا تھا کہ میں اپنے پاس سے گزرنے والے ہر مرد اور عورت کو سونگھتی ہوں، مجھے معلوم ہے کہ یہ عادت گندی ہے لیکن میں کیا کروں، میری ناک بہت تیز ہے۔
انہوں نے کہا تھا کہ میں صفائی پسند خاتون ہوں اور میں صفائی ستھرائی کے معاملات میں کوئی سمجھوتہ نہیں کرتی، میں گندگی کی وجہ سے کروڑوں کی چیز بھی چھوڑ دیتی ہوں۔اداکارہ نے کہا تھا کہ اکثر اداکارائیں سونگھے بغیر ہی سیٹ پر ڈیزائنرز کے ملبوسات پہن لیتی ہیں لیکن میں ایسا نہیں کرتی، میں پہلے ملبوسات کو سونگھتی ہوں، اگر مجھے بدبو آجائے تو میں ڈیزائنرز کے مہنگے ترین ملبوسات پہننے سے انکار کردیتی ہوں۔صبا قمر نے دورانِ انٹرویو مداحوں کو ناک سے سونگھنے کی مشق بھی کرکے دکھائی تھی۔