صبا قمر کو آڈیشن میں مسترد کیوں کیا گیا؟رد کرنیوالا کون تھا؟
فلم'' کملی' منٹو ' انگلش میڈیم اور لاہور سے آگے'' کی اداکارہ کی ادائیں آج کے دور کی منجھی ہوئی ہیں
لاہور(شوبزڈیسک)پاکستان شوبز انڈسٹری کے لیجنڈ اداکار توقیر ناصر نے پاکستانی اداکارہ صبا قمر کو آڈیشن میں ہی مسترد کرنے کا انکشاف کرکے سب کی توجہ حاصل کرلی۔توقیر ناصر بلاشبہ پاکستانی انٹرٹینمنٹ انڈسٹری کا بہت بڑا ٹیلنٹ ہیں۔ انہوں نے ہمیشہ پرستاروں کے ساتھ ساتھ اپنے ساتھیوں سے بھی داد وصول کیں اور صرف یہی نہیں بلکہ انہیں ان کے غیر معمولی کام پر حکومت پاکستان کی جانب سے تمغہ امتیاز اور ستارہ امتیاز سے بھی نوازا گیا۔
جبکہ بات کی جائے اداکارہ صبا قمر کی تو انہوں نے بھی اپنی اداکاری کیساتھ ساتھ حسن کی بدولت مداحوں کو اپنا گرویدہ بنا رکھا ہے۔فلم” کملی’ منٹو ‘ انگلش میڈیم اور لاہور سے آگے” کی اداکارہ صبا قمر بلاشبہ ان ستاروں کی فہرست میں شامل ہیں جو ٹیلی ویژن اسکرین پر آنے پر نہ صرف محبت اکٹھا کرتے ہیں بلکہ ناظرین کو سینما گھروں کی طرف راغب کرنے کا بھی انتظام کرتے ہیں۔صبا قمر فلموں کے علاوہ ڈراما سیریل فراڈ اور چیخ میں بھی اپنی مثبت کردار کے سبب کافی شہرت اور محبت سمیٹتی نظر آئیں تھیں۔
حال ہی میں اداکار توقیر ناصر نے ٹیلی ویژن پروگرام میں شرکت کی جہاں انہوں نے کئی دلچسپ پہلو پر گفتگو کرنے کے ساتھ ساتھ اداکارہ صبا قمر کے انڈسٹری میں ابتدائی دنوں کا احوال بھی بتا ڈالا۔توقیر ناصر نے ماضی کے ڈراما سیریل” تھکن ”کی شریک اداکارہ صبا قمر کے آڈیشن کے دنوں کو یاد کرتے ہوئے انکشاف کیا کہ صبا قمر ایک ورسٹائل اداکارہ ہیں لیکن میں نے قبل ازیں انکو آڈیشن میں مسترد کردیا تھا۔اداکار نے بتایا کہ صبا قمر ایک شاندار پاکستانی اداکارہ ہیں لیکن جب اپنی پروڈکشن کیلئے میں نے صبا کا آڈیشن لیا تو انہیں اپنے کام سے مخلص نہیں پایا تو ڈرامے کیلئے انکا انتخاب کرنے سے انکار کردیا۔
توقیر ناصر نے بتایا کہ ،صبا قمر کو ڈائیلاگز بولنے میں مہارت نہیں تھی وہ بہت جلدی میں لائن پڑھ کر نکل پڑیں جس کا انہوں نے خود اعتراف کرلیا کہ وہ جلدی میں تھیں۔اداکار کا کہنا تھا میں اپنی پروڈکشن کیلئے منجھے ہوئے فنکاروں کی تلاش میں تھا جس کیلئے میں نے فنکاروں کے انتخاب سے قبل انہیں مکمل ٹریننگ بھی دی تھی لیکن صبا قمر میرے معیار پر پورا نہ اتریں۔