عائزہ خان اورفیروز خان کی جوڑی اب نئی سیریل میں رومانس کریگی
فیروز اورعائزہ''بکھرا میرا نصیب''میں بھی ایک ساتھ پراجیکٹ کر چکے ہیں
لاہور(شوبزڈیسک)پاکستانی ڈراما انڈسٹری کے سپر ہٹ فنکار اداکار فیروز خان اور عائزہ خان جلد نئے ڈراما سیریل” ہم راز” میں مداحوں کے دلوں کو لبھاتے نظر آئیں گے۔”خانی’خدا اور محبت’عشقیہ اورحبس”جیسے ڈراموں میں اداکاری سے شہرت پانے والے فیروز خان اپنی فنکارانہ صلاحیتوں سے سرحد پار بھی لاکھوں مداحوں کے دلوں پر راج کرتے ہیں۔جبکہ اداکارہ عائزہ خان کی بات کی جائے تو انہوں نے پیارے افضل، جانِ جہاں اور میں جیسے ڈراموں کا حصہ بن کر اپنے نام کی دھاک بٹھا رکھی ہے۔
بے شمار ڈراموں میں اداکاری سے مداحوں کے دلوں پر راج کرنے والے دونوں شوبر ستارے فیروز خان اور عائزہ خان نے اپنے نئے پراجیکٹ کی تصدیق کرکے ڈراما شائقین کو خوش کردیا۔سال 2014 میں ٹیلی ویژن اسکرین کی زینت بننے والی ڈراما سیریل” بکھرا میرا نصیب ”کی اسٹار جوڑی عائزہ اور فیروز ایک بار پھر 10 سال بعد میگا ڈراما سیریل ہم راز کیلئے اکٹھاہوئے ہیں۔فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر فیروز خان نے پوسٹ شیئر کی جس میں انہیں نئے ڈراما سیریل ہم راز کے سیٹ پر دیکھا گیا۔مذکورہ انسٹاگرام پوسٹ میں فیروز خان اور عائزہ خان فلم ڈائریکٹر فاروق رند کے ہمراہ موجود ہیں اور آنکھوں پر سیاہ چشمہ لگائے کیمرے کے سامنے پوز دے رہے ہیں۔
پوسٹ کے کیپشن میں فیروز خان کے لکھا کہ،ہم راز کے سیٹ سے دو ٹاپ ناٹس عائزہ خان اور فاروق رند کے ساتھ کام کر کے بہت خوشی ہوئی جس کی پروڈکشن 7th اسکائی انٹرٹینمنٹ نے کی ہے۔دوسری جانب عائزہ خان نے بھی ڈراما ہمراز کے سیٹ سے لی گئی تصویر شیئر کی جس میں انہیں ساتھی اداکار فیروز خان کے ساتھ سیلفی لیتے دیکھا گیا۔پوسٹ کے کیپشن میں عائزہ خان نے اپنے اور فیروز کے نام کا پہلا حرف شامل کرتے ہوئے لکھا کہ،عائزہ خان کی فیروز خان سے ملاقات، لائٹس ، کیمرہ، ایکشن۔واضح رہے کہ عائزہ خان اور فیروز خان کا نیا ڈراما سیریل ہم راز جیو ٹیلیویژن پر نشر کیا جائے گا۔اس ڈرامے کی پروڈکشن 7th اسکائی انٹرٹینمنٹ کی جانب سے کی گئی ہے جبکہ اسے فاروق رند نے ڈائریکٹ کیا ہے۔