عرفی جاوید نے زیرو سے آسمان کو کیسے چھوا؟رازبتا دیا
اسٹریمنگ سروس ایمازون پرائم ویڈیوز سے اپنی ویب سیریز ''فالو کر لو یار''میں قدم
لاہور(شوبزڈیسک)بھارتی اداکارہ اور سوشل میڈیا انفلوئنسر عرفی جاوید اپنے عزم کا انکشاف کرکے ایک بار پھر سب کی توجہ کا محور بن گئیں۔متنازع اداکارہ اور بولڈ فیشن سینس میں مقبول عرفی جاوید اپنے نت نئے ملبوسات اور فوٹوشوٹ کی وجہ سے ہر گزرتے دن سوشل میڈیا کی زینت بنی دکھائی دیتی ہیں۔فیشن کی دنیا میں نام کمانے سے قبل ماڈل عرفی جاوید نے 2016 میں بھارتی انٹرٹینمنٹ انڈسٹری میں "بڑے بھیا کی دلہنیا،یہ رشتہ کیا کہلاتا ہے،کسوٹی زندگی کی”جیسے ٹی وی شوز سے شوبز کی دنیا میں قدم رکھا۔
جبکہ اب انہوں نے 23 اگست کو ریلیز ہونے والی او ٹی ٹی اسٹریمنگ سروس امیزون پرائم ویڈیوز سے اپنی ویب سیریز ”فالو کر لو یار”سے فلمی دنیا میں قدم رکھ لیا ہے۔حال ہی میں اداکارہ نے انٹرویو میں اپنے عزم کا انکشاف کرتے ہوئے بتایا کہ ان کی امنگیں بالی وڈ کی چمک دمک سے آگے ہیں، کیونکہ سوشل میڈیا انفلوئنسر نے بھارت کی سب سے بڑی ریئلٹی ٹی وی اسٹار بننے کا خواب دیکھا ہے۔علاوہ ازیں جب اداکارہ سے خواتین کے لباس سے متعلق سوال کیا گیا کہ ،خواتین کو ان کے لباس پہننے کے طریقے سے کس طرح پرکھا جاتا ہے؟’ تو جواب میں عرفی نے کہا کہ ‘وہ ان لوگوں پر توجہ نہیں دیتیں جو انہیں ان کی شکل پر ٹرول کرتے ہیں۔
عرفی جاوید نے حال ہی میں بھارتی میڈیا کو دیے گئے ایک انٹرویو میں کہا، بالی وڈ اب خواب نہیں رہا۔ میں بھارت کی سب سے بڑی ریئلٹی ٹی وی اسٹار بننا چاہتی ہوں اور ایک کاروباری شخصیت بھی بننا چاہتی ہوں۔ آج کل ہمارے پاس کئی مختلف کیریئر کے مواقع ہیں جنہیں ہم پہلے نہیں جانتے تھے اور ان میں داخل ہونے کے بارے میں نہیں سوچتے تھے۔”
کیرئیر کے آغاز میں پیش آنے والی جدوجہد سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے اداکارہ عرفی جاوید نے ماضی کے لمحات کو یاد کرتے ہوئے بتایا کہ،میں نے صفر سے شروعات کی تھی، یہاں میں کسی کو نہیں جانتی تھی، نہ مجھے یہ معلوم تھا کہ کام کیسے حاصل کرنا ہے یا کیسے کرنا ہے، لیکن میرا یہ خواب تھا کہ یہاں کچھ بڑا کرنا ہے۔ ٰلہذا جب میں یہاں آئی تو میں نے گوگل پر مختلف ٹی وی اور فلم پروڈکشن ہائوسز کے نمبر تلاش کیے۔اداکارہ نے بتایا کہ نمبر حاصل ہونے کے بعد میں نے ایک دن میں سب کو فون کیا، کام مانگا جہاں سے کچھ نے جواب دیا اور کچھ نے کام دینے سے صاف انکار کردیا۔
عرفی نے بتایا کہ اس دوران ٹی وی پر مجھے زیادہ کام نہیں مل رہا تھا ان چھ مہینوں میں بمشکل دس دن کام کیا۔ اور جو بھی کام ملا اس میں، میں نے کبھی مرکزی کردار ادا نہیں کیا یا تو مرکزی کردار کی بہن کا کردار ادا کرتی تھی یا منفی کردار۔ اداکارہ نے اپنی طویل گفتگو کو جاری رکھتے ہوئے مزید یہ انکشاف بھی کیا کہ وہ اب ٹیلی ویژن کی دنیا میں واپس جانے کا کوئی ارادہ نہیں رکھتیں۔عرفی نے بتایا کہ میں دوبارہ ٹیلی ویژن پر واپس نہیں جانا چاہوں گی کیونکہ میں اس وقت جس مقام پر ہوں بہت خوش ہوں۔ جو شہرت مجھے اب مل رہی ہے، اسے ٹی وی پر حاصل کرنا بہت مشکل تھا۔
عرفی جاوید نے اپنی گفتگو کا اختتام کرتے ہوئے مزید بتایا کہ،جس لمحے آپ اپنے آپ کو تنقید کی بنیاد پر بدلنے کی کوشش کرتے ہیں، آپ اپنی اصلیت کھو دیتے ہیں، آپ کبھی بھی وہ شخص نہیں بن پائیں گے جس کے لیے آپ کو بنایا گیا ہے’۔ اداکارہ نے اپنی کامیابی کا راز بیان کرتے ہوئے مزید بتایا کہ، اگر میں نے ان ٹرول کرنے والوں کی بات سنی ہوتی، تو میں کبھی بھی یہاں نہ پہنچتی جہاں میں آج ہوں۔