عمائمہ ملک بھابی اور نند کے رشتے کے مزے لینے لگیں
اداکارہ اور ڈاکٹر زینب کے نام محبت بھرا پیغام خوب وائرل ہو رہا ہے
لاہور(شوبزڈیسک) پاکستانی اداکارہ حمائمہ ملک اور انکی نئی نویلی بھابی ڈاکٹر زینب کی بانڈنگ دیکھ مداح نند اور بھابی کے رشتے کی تعریف کرنے پر مجبور ہوگئے۔ڈراما سیریل” عشق، جنون دیوانگی اور اکبری اصغری” کی اداکارہ حمائمہ ملک ڈراموں سمیت فلم انڈسٹری میں بھی اپنے فن کا لوہا منواچکی ہیں۔اب چاہے بات کی جائے ”دی لیجنڈ آف مولا جٹ” کی یا پھر” جندو” کی اداکارہ ہر کردار میں خود کو ڈھال لینے کے ہنر سے بخوبی واقف ہیں۔
فیشن کی دلدادہ اور خوبصورتی میں اپنی مثال آپ اداکارہ حمائمہ ملک ان دنوں ممکنہ طور پر اپنے گھر میں موجود اداکار فیروز خان کی نئی دلہن کیساتھ قیمتی اور یادگار لمحات گزار رہی ہیں جسکا منہ بولتا ثبوت انکی سوشل میڈیا پر وائرل جھلکیاں ہیں۔فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر حمائمہ ملک نے اسٹوری اپڈیٹ کیں جس میں انہیں اپنی بھابی کیساتھ ٹوئننگ کرتے دیکھ کر مداح اس رشتے کی تعریف کرنے پر مجبور ہوگئے۔
اداکارہ نے اپنی بھابی کیساتھ ویڈیو جاری کی جس میں انہیں گلابی چارد اوڑھے ہاتھ میں ناول تھامے دیکھا گیا جبکہ ڈراما سیریل خدا اور محبت سیزن 3 کے او ایس ٹی پر جھومتے دیکھا گیا، گانے کے آخر میں زینب جو کہ گلابی عبایا میں ملبوس تھیں انکی انٹری ہوتی ہے جنہوں نے حمائمہ کے ماتھے پر بوسہ دیا۔دیگر انسٹا اسٹوری میں حمائمہ ملک نے اپنی بھابی سے محبت کا اظہار کرتے ہوئے جذباتی نوٹ بھی لکھ ڈالا جس میں انکا کہنا تھاکہ، بھابی کیا ہے؟ وہ ایک اچھی دوست ہے، میری خوبصورت شہزادی، وہ ہمیشہ میرے ساتھ رہے اور اپنی غیر مشروط محبت کے ذریعے میری زندگی کو بہتر بنائے، وہ ہزار دوستوں سے بہتر ہے میری رانی۔ اللہ تمہیں میرے پاس رکھے ہمیشہ ایسے ہی ہنستے مسکراتے۔
یاد رہے کہ ‘خانی کے اداکار فیروز خان نے علیزہ سلطان سے 2018 میں شادی کی تھی جس کے بعد اس جوڑی کے ہاں 2019 میں پہلے بیٹے سلطان اور فروری 2022 میں بیٹی فاطمہ کی پیدائش ہوئی تھی۔اس جوڑی نے دو بچوں کی پیدائش کے بعد گھریلو ناچاقی کے سبب راہیں جدا کرلی تھیں بعدازاں فیروز خان ڈاکٹر زینب کیساتھ رشتہ ازدواج میں منسلک ہوگئے۔