عمران اور جسی گِل کی فلم” اینھا ں نوں رہنا سہنا نہیں آندا”
پاکستان اور بھارتی ٹیلنٹ کا مکسچریہ بین الاقوامی فلم سینما کی عالمی منڈی میں ہلچل مچائے گی
لاہور(شوبزڈیسک)پاکستان شوبز انڈسٹری کے معروف اداکار عمران اشرف اور بھارتی گلوکار و اداکار جسی گِل کے بارے میں سوشل میڈیا پر یہ خبر گردش کر رہی ہے کہ یہ دونوں بین الاقوامی فلم میں ایک ساتھ اداکاری کرتے نظر آئیں گے۔عمران اشرف اور جسی گِل کا بین الاقوامی فلم میں ایک ساتھ کام کرنا پاکستان اور بھارت کے ٹیلنٹ کو اکٹھا کرنے اور دونوں ممالک کی فنی روایات کو ملانے کا ذریعہ بنے گا۔
فلم مزاحیہ یعنی کامیڈی ہو گی اور ہو گی بھی پنجابی میں ‘ پنجابی فلم کانام ” اینھا ں نوں رہنا سہنا نہیں آندا”ہے۔فلم کو کینیڈا میں بنایا جا رہا ہے اور اس فلم کی ڈائریکشن روپن بل دینگے۔
اس فلم کا نام اور تفصیلات ابھی سامنے آئی ہیں لیکن مداح اتنی خبر سن کر ہی خوش ہیں اور یہ دیکھنے کے لیے پر جوش ہیں کہ فن کس طرح سیاسی اور ثقافتی حدود کو عبور کرتے ہوئے دونوں ممالک کے لوگوں کو قریب لاتا ہے۔مداح عمران اشرف اور جسی گِل دونوں کے لیے اپنی نیک خواہشات کا اظہار کر رہے ہیں۔مداحوں کا یہ بھی کہنا ہے کہ یہ پروجیکٹ جنوبی ایشیا کے مزید اداکاروں کے لیے بھی عالمی سنیما تک رسائی کے دروازے کھول سکتا ہے۔