فردوس جمال نے ماہرہ خان کو بوڑھی اور ہمایوں سعید ڈاکو کہہ دیا
ماہرہ کیلئے کہے بیان پر آج بھی قائم ہوں' ہمایوں اپنے سے اچھے اداکار کو موقع نہیں دیتا: اداکار
لاہور(شوبزڈیسک)پاکستان کے سینئر اداکار فردوس جمال نے ایک بار پھر سپر اسٹار ماہرہ خان اور ہمایوں سعید کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا ہے کہ میں ماضی میں کہی ہر بات پر آج بھی قائم ہوں۔فردوس جمال حال ہی میں ایک نجی ٹی وی کے پروگرام میں شریک ہوئے تھے، اس دوران جب ان سے پوچھا گیا کہ ماضی میں انہوں نے ماہرہ خان کیلئے کہا تھا کہ وہ بوڑھی لگتی ہیں، انہیں ہیروئن کے بجائے ماں کے کردار دیے جانے چاہیے لیکن اس کے بعد انہوں نے ”دی لیجنڈ آف مولا جٹ ”میں شاندار اداکاری کی تو کیا اب بھی وہ اپنی تنقید پر قائم ہیں یا انہیں کوئی پچھتاوا ہے؟
اس پر فردوس جمال کا کہناتھا کہ میں ماضی میں ماہرہ کیلئے اپنے دیے ہوئے بیان پر آج بھی قائم ہوں، مجھے اپنے الفاظ پر کوئی شرمندگی نہیں کیوں کہ ماہرہ کی عمر نظر آتی ہے لیکن اگر اس کے باوجود وہ کسی کو خوبصورت نظر آتی ہے تو اس میں میرا کوئی قصور نہیں۔فردوس جمال نے الزبتھ ٹیلر ، صوفیہ لورین ، نرگس اور مدھو بالا کی مثال دیتے ہوئے کہا کہ میں نے ان اداکارائوں کو دیکھا ہے تو میں کیا کروں؟
سینئر اداکار کی بات پر میزبان نے واضح کیا کہ 90 فیصد لوگوں کو ماہرہ خان خوبصورت اور اچھی اداکارہ لگتی ہیں ؟ اس پر فردوس جمال کا کہنا تھا کہ اگر 90 فیصد لوگ پاگل ہیں تو میں بھی ہوجائوں؟دوسری جانب ہمایوں سعید کیلئے میزبان کی تعریف سن کر فردوس جمال بھڑک اٹھے اور کہاکہ ہمایوں سعید اداکاری کی معراج پر کیسے ہیں؟ کیا وہ مارلن برانڈو ہے؟ اس پر میزبان نے کہا کہ ہمایوں سعید پاکستان میں سب سے زیادہ پیسے لیتے ہیں؟
میزبان کی بات پر فردوس جمال نے بھڑکتے ہوئے کہا کہ پیسہ تو طوائف بھی لیتی ہے؟پیسہ لینا اداکاری کا معیار نہیں ہے، ہمایوں اداکاری میں بھی ڈاکہ ڈال رہا ہے، ہمایوں کو قدرت نے وسائل اور پلیٹ فارمز فراہم کیے اس کے بعد ہمایوں کے کچھ اچھے کردار بھی ہیں جو اس نے نبھائے، اب وہ ان مواقع کو کیش کررہا ہے، وہ اپنے سے اچھے اداکار کو آگے آنے نہیں دیتا۔ فردوس جمال نے اپنے اعزاز میں الحمرا کے پروگرام میں بھی شرکت کی اور کہا کہ ڈرامہ لاہور سے اچھا کوئی نہیں بنا سکتا ۔