فلم”گیم آف تھرونز”کے کردار کا نام رکھنے پر بچی کو پاسپورٹ کیوں جاری نہ ہوا؟
بچی کا نام خلیسی اصل میں پروڈکشن ہائوس وارنر برادر کا ٹریڈ مارک ہے
لاہور(شوبزڈیسک)ایک 6 سالہ بچی کو پاسپورٹ دینے سے اس لیے انکار کر دیا گیا کیونکہ اس کا نام ‘گیم آف تھرونز’ کے مشہور کردار کے نام پر رکھا گیا تھا۔غیر ملکی میڈیا سے بات کرتے ہوئے بچی کی والدہ لوسی نے بتایا کہ حکام نے انہیں کہا کہ خلیسی کے پاسپورٹ کی درخواست کے لیے وارنر برادرز کی منظوری درکار ہے کیونکہ وہ اس نام کے ٹریڈ مارک کے مالک ہیں۔خیال رہے کہ خلیسی وہ ٹائٹل تھا جو شو میں ایمیلیا کلارک کے کردار ڈینیریز ٹارگرین کو دیا گیا تھا۔
انہوں نے کہا کہ مجھے شدید دھچکا لگا کیوں کہ ہم بہت بے تابی سے اکٹھا پہلی تعطیلات منانے کے لیے جارہے تھے جس کے لیے ہم نے ڈزنی لینڈ پیرس کا انتخاب کیا تھا۔خاتون نے مزید کہا کہ لیکن پھر مجھے پاسپورٹ آفس سے ایک خط آیا، جس میں کہا گیا تھا کہ میری بچی کا نام وارنر برادرز کا ٹریڈ مارک ہے، میں نے پہلی بار ایسی بات سنی تھی، جس پر میں حیران رہ گئی۔چنانچہ ان کے وکلا نے اس کا جائزہ لیا اور معلوم ہوا کہ اگرچہ ‘گیم آف تھرونز’ ٹریڈ مارک ہے لیکن یہ مصنوعات اور خدمات کے لیے ہے، یہ کسی شخص کے نام کے لیے نہیں ہے۔
انہوں نے بتایا کہ پھر ‘یہ معلومات پاسپورٹ آفس کو بھیجی گئیں جس نے کہا تھا کہ مجھے وارنر برادرز کی جانب سے ایک خط کی ضرورت ہے تاکہ اس بات کی تصدیق کی جا سکے کہ میری بیٹی اس نام کا استعمال کر سکتی ہے۔’لوسی نے اپنی مایوسی کا اظہار کیا اور سوال کیا کہ اس کی نشاندہی پہلے کیوں نہیں کی گئی جب اسے پیدائش کا سرٹیفکیٹ دیا گیا اس وقت اس کی نشاندہی کی جاتی، میں نے کبھی نہیں سوچا تھا کہ آپ کسی نام کو ٹریڈ مارک کر سکتے ہیں۔مزید یہ کہ پاسپورٹ آفس نے خاتون کو فون کیا اور اپنی غلطی پر معافی مانگی، انہوں نے مزید کہا کہ ایک غلط فہمی تھی۔ تاہم لوسی کا خیال ہے کہ یہ تب ہی ممکن ہوا جب انہوں نے سوشل میڈیا پر پوسٹ کیا تھا۔
لوسی نے مزید کہا کہ ‘اگر میں یہ سوشل میڈیا پر پوسٹ نہ کرتی تو کچھ بھی نہ ہوتا، میں پھنس جاتی، معلوم نہیں ہوتا کہ آگے کیا کروں، لوگوں نے مجھ سے رابطہ کر کے ایسے ہی تجربات سے آگاہ کیا’۔ماں بیٹی کی جوڑی امید کر رہی ہے کہ وہ جلد ہی ڈزنی لینڈ پیرس کا دورہ کر سکیں گی۔انہوں نے مزید کہا کہ مجھے امید ہے کہ پاسپورٹ جلد ہی جاری کر دیا جائے گا اور وعدہ کیا گیا تھا کہ وہ کچھ دنوں میں واپس کال کریں گے کہ آیا اس میں پیشرفت ہوئی ہے۔