شوبز

مادری زبان20سال تک دم توڑ دیگی،صبا حمید نے خطرے کا الارم بجا دیا

جو غیر زبان بولتے ہیں وہ ایسا ہی ہے جیسے کوئی مانگے کے کپڑے پہن کر اِترائے

لاہور(شوبزڈیسک)پاکستانی اداکارہ صبا حمید نے مادری زبان پر انگریزی کو ترجیح دینے والوں کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے مستقبل کیلئے خطرے کی گھنٹی بجادی۔صبا حمید پاکستانی شوبز انڈسٹری کی وہ اداکارہ ہیں جو تعارف کی محتاج نہیں اور اپنی بہترین اداکاری سے گزشتہ چار دہائیوں سے ناظرین کے دلوں پر راج کرتی آرہی ہیں۔صبا حمید نے پی ٹی وی کے ڈارمے دہلیز سے اداکاری کی دنیا میں قدم رکھا تھا، انکے دیگر مشہور ڈراموں میں بند دروازے ، سنڈریلا اور سکینہ ، نیلے ہاتھ ، انکل سرگم شو ، فیملی فرنٹ ، آزر کی آئیگی بارات اور دل لگی شامل ہیں۔

اداکارہ نے حال ہی میں فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر ایک پوسٹ شیئر کی جس میں وہ مادری زبان کی ناقدری پر تشویش کا اظہار کرتی دکھیں۔پوسٹ میں تحریر ہے کہ ‘یا تو والدین اپنے بچوں کے ساتھ مادری زبان میں گفتگو کرلیں یا پھر اگلے 20 سالوں کے اندر اپنی مادری زبان کو دم توڑتے دیکھ لیجیے گا’۔انہوں نے لکھا کہ ‘اپنے ان رشتے داروں کو اس سبب تضحیک بھری نگاہوں سے دیکھنا کہ وہ اچھی انگریزی کے بجائے آپکی مادری زبان میں بات کرتے ہیں ایک احمقانہ حرکت ہے، یہ ایسا ہی ہے کہ جیسے آپ کسی کے مانگے ہوئے کپڑوں کو پہن کر اترائیں’۔

اس پوسٹ کے کمنٹ سیکشن میں متعدد مداح اداکارہ کے موقف کی حمایت کرتے دکھے تو بعض مداح اس پوسٹ کو مادری زبان کے بجائے رومن یعنی انگریزی حروف کا استعمال کر کے لکھنے پر تنقید کرتے بھی نظر آئے ۔ایک صارف نے لکھا کہ ‘آج کل ماں بولی بولنے کو غلط سمجھا جانے لگا ہے’ ، جبکہ ایک اور صارف نے لکھا کہ ‘ سب سے زیادہ ترس ان بوڑھے بزرگوں پر آتا ہے جو پوتے اور نواسوں کے ساتھ مادری میں بات کرتے ہیں اور بہوئوں کو غصہ آتا ہے ، بیچارے لاڈ بھی نہیں کرسکتے’۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button