ماہرہ’سجل’کبریٰ’یمنیٰ نےارشد ندیم کی کامیابی پرکیا کہا؟
عدنان صدیقی ' عائزہ 'عاصم اظہر اور ثنا جاوید کی مداحوں کو مبارک باد
لاہور(شوبزڈیسک)پیرس اولمپکس کے جیولین تھرو ایونٹ میں پاکستان کے لیے سونے کا تمغہ جیت کر پوری قوم کا سر فخر سے بلند کرنے والے پاکستانی اولمپئین ارشد ندیم کی تاریخی کامیابی پر شوبز شخصیات بھی خوشی سے جھوم اٹھیں۔پاکستان 32 سال بعد اولمپک میں کوئی بھی میڈل جیتنے میں کامیاب ہوا ہے، پاکستان نے آخری مرتبہ بار سلونا اولمپکس 1992 کی ہاکی میں برانز میڈل جیتا تھا جبکہ پاکستان نے آخری گولڈ میڈل 1984 میں 40 سال پہلے جیتا تھا جو ہاکی ٹیم نے دلوایا تھا۔
فائنل مقابلے کے دوران ارشد ندیم اپنی پہلی باری میں تھرو نہ کرسکے لیکن دوسری باری میں انہوں نے 92.97 میٹر تھرو کی جو اولمپکس کی تاریخ کی اب تک سب سے بڑی تھرو ہے۔ارشد ندیم کی غیرمعمولی کامیابی نے جہاں پوری قوم کو خوش کیا تو وہیں شوبز فنکار بھی اپنے جذبات کا اظہار کرنے میں پیچھے نہ رہے، جیسے ہی ارشد ندیم نے گولڈ میڈل جیتا تو فنکار برادری نے سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر ایتھلیٹ کو مبارکباد دیں۔
ہمایوں سعید نے احمد علی بٹ کی انسٹاگرام اسٹوری کو ری شیئر کرتے ہوئے ارشد ندیم کی پرفارمنس کی تعریف کی اور ساتھ ہی کھلاڑی کو نیا گھر، اسپورٹس اکیڈمی اور برانڈ ڈیلز دینے کا مطالبہ بھی کیا۔اداکار نے کہا کہ ارشد ندیم نے اپنی تاریخی فتح سے ثابت کردیا ہے کہ وہ سب سے الگ اور بہترین ہیں۔معروف اداکارہ سجل علی نے اپنی انسٹاگرام اسٹوری میں کہا کہ ارشد ندیم نے 32 سال بعد پاکستان کے لیے اولمپکس میں گولڈ میڈل جیت کر تاریخ رقم کردی۔پاکستان کی صفِ اول اداکارہ ماہرہ خان نے ارشد ندیم کو پاکستان کا ہیرو قرار دیتے ہوئے کہا کہ سر اف کیا تھرو تھی، آپ نے تو ریکارڈ توڑ دیا۔
ہردلعزیز اداکارہ یمنی زیدی نے اپنی انسٹاگرام اسٹوری میں کہا کہ پاکستان کے لیے فخریہ لمحہ، ارشد ندیم نے اولمپکس گیمز میں نیا ریکارڈ بنا کر بہترین کارنامہ سرانجام دیا ہے۔سینیئر اداکار عدنان صدیقی نے کہا کہ اس بہترین فتح کے لیے ہمیں ارشد ندیم پر بیحد فخر ہے، آپ نے پاکستان کو تاریخ کامیابی دلوا کر ہمارا طویل انتظار ناقبل یقین انداز میں ختم کیا ہے۔معروف گلوکار عاصم اظہر نے اپنی انسٹاگرام اسٹوری میں کہا کہ ارشد ندیم نے پاکستان کے لیے گولڈ میڈل جیت کر اور نیا اولمپک ریکارڈ بناکر تاریخ رقم کی ہے، آپ پوری قوم کے ہیرو ہیں۔
اداکارہ و ماڈل ثنا جاوید نے اپنی انسٹاگرام اسٹوری میں ارشد ندیم کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان کو تاریخی لمحہ دینے اور ہمیں فخر محسوس کروانے کے لیے آپ کا بہت شکریہ۔اداکارہ کبری خان نے انسٹاگرام اسٹوری میں کہا کہ ارشد ندیم نے ہمیں تاریخی فتح دیکر میرا دل بیانتہا خوش کردیا ہے۔خوبرو اداکارہ عائزہ خان نے اپنی انسٹاگرام اسٹوری میں پاکستان زندہ باد کا نعرہ لگاتے ہوئے ارشد ندیم کو مبارکباد دی اور کہا کہ ارشد ندیم حقیقی چیمپیئن ہیں۔