ماہرہ خان کو فلمیں ملنا بند‘ گرتی ساکھ بچانے کیلئے بولڈ تصاویر شیئر کردیں
تصاویر میں اٹلی کے شہر پگلیا کے سیاحتی مقام اور غروبِ آفتاب کے مناظر کو دیکھا جاسکتا ہے
لاہور(شوبزڈیسک)اداکارہ ماہرہ خان جو کبھی پاکستان کی صفِ اول کی اداکارہ کہلاتی تھیں اب ایسی نہیں رہیں۔ دوسری شادی کے بعد بالکل ٹھنڈی پڑ گئی ہیں یعنی ان کے پاس فلموں کی جو لائن لگی ہوتی تھی اب ان کے پاس ایک بھی فلم نہیں۔ اور سب سے بڑھ کر یہ کہ ماہرہ خان کو اس بار بڑی عید پر اور نہ ہی چھوٹی عید پر کوئی فلم ملی۔ فلم انڈسٹری میں باتیں ہو رہی ہیں کہ ماہرہ خان کا کیرئیر ان کی دوسری شادی کے ساتھ ہی ختم ہو کر رہ گیا ہے۔ اس کے علاوہ ان کے پاس نہ تو کسی کمپنی کا اشتہار ہے اور نہ ہی ان کے پاس فیشن شوز۔
ماہرہ خان نے اپنی گرتی ساکھ کو بچانے کیلئے آخری بار ایک انگڑائی لی ہے اور انہوں نے اٹلی کی سیر کے دوران بولڈ لباس پہن کر کچھ تصاویر کھینچیں اور اسی وقت سوشل میڈیا پر اپ لوڈ کردیں۔ پھر کیا تھا مداح جو کبھی ان کو عزت کی نظروں سے دیکھتے تھے تھو تھو کرنے لگے اور کئی مداحوں نے تو یہ تک لکھ دیا کہ اب بڑھاپے میں کیا دکھا رہی ہو۔ عزت سے رہو بہت کما لیا اب گھر داری سنبھالو۔ بعض لوگوں نے لکھا کہ انہیں کوئی فلم تو ڈھنگ کی ملی نہیں ایک بچوں کی نیٹ فلکس سیریز ملی تھی تو چلی آئی اور بے حیائی پھیلا کر پھر سے مارکیٹ میں ان رہنے کی کوشش کر رہی ہیں۔
خیال رہے اداکارہ نے اپنے آفیشل انسٹاگرام پر چند تصاویر ماہرہ خان کی جانب سے پوسٹ کی تھیں تصاویر میں اٹلی کے شہر پگلیا کے سیاحتی مقام اور غروبِ آفتاب کے مناظر کو دیکھا جاسکتا ہے۔ان تصاویر میں اداکارہ کے مغربی طرز کے ملبوسات دیکھ کر مداح سیخ پا ہوئے۔مداحوں کو ماہرہ خان کا بولڈ انداز ایک آنکھ نہ بھایا اور پوسٹ پر تبصرے کرتے ہوئے کہا کہ مسلمان اداکاراؤں کو اپنی حدود کا معلوم ہونا چاہیے اور انہیں یہ بھی معلوم ہونا چاہیے کہ کیسا لباس اور اخلاق مسلمان کی شناخت ہے۔ایک صارف نے کہا کہ مجھے ماہرہ خان کے ایسے لباس پہننے پر کوئی اعتراض نہیں لیکن پھر وہ انٹرویوز میں یہ نہ کہیں کہ ان کی نانی اور ان کی والدہ انہیں بغیر آستین کے لباس پہننے کی اجازت نہیں دیتی تھیں۔ اور یہاں بازو چھوڑ ٹانگیں بھی عریاں ہیں۔مداحوں نے اداکارہ کی تصاویر پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے کبھی بھی ماہرہ خان سے اس طرح کے بولڈ لباس پہننے کی توقع نہیں کی تھی۔