شوبز

مزاح نگارانورمقصود کی’اٹھائےجانے’کی افواہوں کی تردید،پاک بحریہ سےمتعلق متنازع بیان پرمعذرت کرلی

انور مقصود کی پاکستان نیوی کے حوالے سے ایک بیان کی ویڈیو سوشل میڈیا پر خوب وائرل ہورہی تھی جس میں انہوں نے کہا تھا کہ 'تینوں فورسز میں سب سے زیادہ غیرت مند فورس نیوی کی ہے

کراچی(شوبز ڈیسک) معروف مصنف، ڈراما سازاورمزاح نگارانورمقصود نے ‘اٹھائے جانے’ کی افواہوں کی تردید کرتے ہوئے پاک بحریہ سے متعلق متنازع بیان پرمعذرت کرلی۔ حالیہ چند روز سے انور مقصود کی پاکستان نیوی کے حوالے سے ایک بیان کی ویڈیو سوشل میڈیا پر خوب وائرل ہورہی تھی جس میں انہوں نے کہا تھا کہ ‘تینوں فورسز میں سب سے زیادہ غیرت مند فورس نیوی کی ہے کیونکہ یہ ڈوب کے مرجاتے ہیں’۔

انور مقصود کے اس بیان پر اسٹیبلشمنٹ مخالف حلقوں کے علاوہ ایک مخصوص سیاسی جماعت کے کارکنان نے خوب واہ واہ کی اور ان کے اس بیان کی ویڈیو جگہ جگہ وائرل کرکے اپنے مطلب کے معنیٰ دینے کی کوشش کی۔ دوسری جانب دیگر انٹرنیٹ صارفین اور سنجیدہ حلقوں کی جانب سے انور مقصود کے اس بیان پر خوب تنقید کی گئی، اسی دوران سوشل میڈیا پر یہ افواہیں گردش کرنے لگیں کہ اس متنازع بیان کے بعد انور مقصود کو ‘اٹھا لیا’ گیا ہے اور وہ لاپتا ہوگئے ہیں۔

تاہم یہ افواہیں جلد ہی دم توڑ گئیں جب کراچی آرٹس کونسل کے زیر انتظام ہونے والی ‘سترہویں عالمی اردو کانفرنس’ کے اختتامی روز انور مقصود نے شرکت کی اور تقریب سے خطاب کے دوران خود کو اٹھائے جانے کی خبروں کی تردید کرتے ہوئے متنازع بیان پر معذرت بھی کرلی۔ انور مقصود نے بتایا کہ 2 روز سے ان کے گھر نہ صرف ملک بھر بلکہ بیرون ممالک سے بھی فون آ رہے ہیں جب کہ سوشل میڈیا بھی ایسی خبروں سے بھرا پڑا ہوا ہے کہ انور مقصود کو نیوی والوں نے اٹھا لیا۔

ان کا کہنا تھا کہ انہوں نے حال ہی میں نیوی والوں کے لیے کچھ کہا تھا لیکن وہ یہ واضح کرنا چاہتے ہیں کہ انہوں نے 60 سال میں کبھی بھی شہیدوں سے متعلق کوئی مذاق نہیں کیا۔ انور مقصود کے مطابق وہ شہیدوں کی قربانیوں کی وجہ سے ہی آج تک زندہ ہیں، انہوں نے ان کے لیے ہی قربانیاں دیں اور وہ آج تک اسی لیے لکھنے کے قابل ہیں کہ شہیدوں نے ان کے لیے قربانیاں دیں۔

انہوں نے وضاحت کی کہ ‘میں یہ سوچ بھی نہیں سکتا کہ میں شہیدوں کا مذاق اڑاؤں یا ان سے متعلق کوئی بات کہوں، جو زندہ ہیں اُن کے بارے میں کہہ دیتا ہوں لیکن آج کے بعد ان پر بھی بات نہیں کروں گا’۔ انور مقصود کا کہنا تھا کہ نیوی والے بھی سب ان کے دوست ہیں اور وہ جو مذاق دیگر عام دوستوں کے ساتھ کرتے ہیں، ان کے ساتھ بھی ایسا ہی مذاق کردیا کرتے ہیں لیکن اب وہ ایسا نہیں کریں گے۔ ان کے مطابق وہ شہیدوں سے متعلق مذاق کرنے کا سوچ بھی نہیں سکتے، کیوں کہ ان کی قربانیوں کی وجہ سے ہی یہ ملک ہے۔

انور مقصود نے بتایا کہ نیوی میں ان کے اچھے دوست اور رشتے دار بھی خدمات سرانجام دیتے رہے ہیں، غازی سبمرین میں موجود لیفٹننٹ کمانڈر شمشاد احمد ان کی چچا زاد کے شوہر تھے، پاک نیوی کے سابق سربراہ منصور الحق 50 سال سے ان کے دوست رہے جبکہ ایڈمرل احسن کے ساتھ انہوں نے 20 سال تک برج کھیلا۔ انہوں نے ایک بار پھر واضح کیا کہ وہ نیوی سے متعلق مذاق کرنے کا سوچ بھی نہیں سکتے، اگر کسی کو ان کی بات سے دکھ اور تکلیف پہنچی ہے تو وہ ان سے معافی کے طلب گار ہیں۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button