شوبز

معروف پاکستانی اداکارہ ریما خان شادی کی 13ویں سالگرہ، پروقار اور رنگا رنگ تقریب کا انعقاد

ریما ایک عظیم انسان ہیں اور وہ انہیں اپنی زندگی میں پاکر بہت خوش قسمت سمجھتے ہیں: ڈاکٹر طارق شہاب، طارق کو اپنی زندگی میں پا کر وہ خود کو بہت خوش قسمت سمجھتی ہیں: ریما خان

واشنگٹن( شوبز ڈیسک) پاکستان کی معروف و مشہور اداکارہ ریما خان کی شادی کی 13ویں سالگرہ پر پر وقار اور رنگا رنگ تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں پاکستانی سفیر سمیت اہم شخصیات نے شرکت کی۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان کی معروف و مشہور اداکارہ ریما خان اور دل کے ڈاکٹر طارق شہاب کی شادی 22 نومبر 2011 کو ہوئی تھی، شادی کی سالگرہ کی تقریب میں پاکستانی اور امریکی دوستوں کی ایک بڑی تعداد نے شرکت کی۔ اس تقریب میں امریکا میں پاکستان کے سفیر رضوان سعید شیخ اور ان کی اہلیہ لبنی شیخ، امریکا کے معروف تاجر سیمان اور ان کی اہلیہ ارم، مشہور اینٹی ڈیکوریٹر فاخرہ خالد اور ان کے دوستوں، ٹی سی ایف کوآرڈی نیٹر برائے امریکا شمی قدوائی اور شکیل قدوائی نے شرکت کی۔

اس کے علاوہ سندھ کے وزیرصحت سعد خالد نیاز کی ہمشیرہ شہاب صائمہ ناز، واشنگٹن ڈی سی کے ممتاز اینستھیاسیالوجسٹ ڈاکٹر طلحہ صدیقی، واشنگٹن ڈی سی کے ممتاز تاجر شفقت چوہدری اور ان کی اہلیہ ثروت شفقت، ڈاکٹر صبا نواب اور ڈاکٹر حبیب چھوٹانی، آصفہ بٹ اور میڈی سولو کے ڈاکٹر زاہد بٹ بھی تقریب میں نمایاں رہے۔ ریما خان کی سالگرہ کی تقریب میں شرکت کے لیے خصوصی طور پر بھارت کے شہر حیدرآباد سے ان کے خاندانی رشتے دار شہنور خان اپنی فیملی کے ہمراہ تقریب میں شریک ہوئے،شرکت کرنے والے زیادہ تر لوگوں نے اس تقریب کو سب سے زیادہ دلکش تقریب قرار دیا۔ ایک مہمان کا تقریب کے حوالے سے کہنا تھا کہ جس ہال میں تقریب منعقد ہوئی وہاں مہمانوں میں پیار و محبت عروج پر تھا، ہال کو بہت خوبصورتی سے سجایا گیا تھا۔

ادھر ڈاکٹر طارق شہاب نے ریما کے بارے میں کہا کہ ریما ایک عظیم انسان ہیں اور وہ انہیں اپنی زندگی میں پاکر بہت خوش قسمت سمجھتے ہیں۔ انہوں نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ریما کی ایک دوست نے مجھ سے کہا کہ طارق بھائی! آپ نے جیک پاٹ جیت لیا ہے۔ جس سے وہ خود بھی متفق ہیں۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ ریما خان کی شخصیت عجز و انکساری کا پیکر ہیں، ان کی ہم سفر نے کبھی یہ محسوس نہیں ہونے دیا کہ وہ ایک مشہور شخصیت ہے، وہ پہلے دن سے ہی اپنے خاندان اور دوستوں کے ساتھ بہت خوبصورتی سے گھل مل گئیں۔

اس موقع پر اداکارہ ریما خان نے کہا کہ طارق کو اپنی زندگی میں پا کر وہ خود کو بہت خوش قسمت سمجھتی ہیں، طارق نے والد کی دیکھ بھال کیسے کی جب وہ کووڈ میں مبتلا تھے اور پچھلے سال جب ان کے دل کے والوو کی سرجری ہوئی تھی، ان کے والد طارق کی تعریفیں کرتے نہیں تھکتے اور انہیں خوب دعائیں دیتے ہیں حتی کہ اپنے بچوں سے بھی زیادہ پیار دیتے ہیں۔ تقریب میں پاکستانی سفیر رضوان شیخ نے اس خوبصورت جوڑے کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ یہ جوڑا جہاں بھی جاتا ہے، حقیقی معنوں میں پاکستان کی نمائندگی کرتا ہے، وہ ایک بااثر جوڑا ہے اور ان دونوں کی شخصیت بہت شاندار ہے۔ انہوں نے ریما کے پاکستان کی ٹی وی، فلم انڈسٹری اور بہت سے سماجی کاموں کے حوالے سے بھی بات کی اور کہا کہ ڈاکٹر شہاب ماہر امراض قلب ہیں اور انہوں نے اپنے خاندان کے کئی افراد سمیت پاکستان کے بہت سے مریضوں کی دیکھ بھال کی ہے۔ تقریب کی شام سحر انگیز اور مسحور کن تھی، تقریب میں شیری رضا نے اپنی سریلی آواز میں گیتوں سے حاضرین کو محظوظ کیا، ریما اور ڈاکٹر شہاب نے سفیر پاکستان اور دوستوں کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے ان کی سالگرہ میں شرکت کی اور اس دن کو ایک یادگار دن بنایا۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button