نرگس فخری بالی ووڈ کے میدان میں کیسے پہنچی؟
فلم راک اسٹاررنبیر کپور کے مدمقابل تھی راتوں رات سپر اسٹار بن گئی
لاہور(شوبزڈیسک)بولی وڈ اداکارہ اور امریکی ماڈل نرگس فخری نے انکشاف کیا ہے کہ ایک اتفاقی ای میل نے انہیں اداکاری کے میدان میں پہنچا دیا اور پھر ان کی کامیابیوں کا سفر شروع ہوگیا۔ بھارتی اداکارہ نے 2011 میں امتیاز علی کی فلم راک اسٹار سے اپنے کیریئر کا آغاز کیا جس میں وہ رنبیر کپور کے مدمقابل تھیں اور فلم نے انہیں راتوں رات سپر اسٹار بنا دیا۔
ایک تازہ انٹرویو میں اداکارہ نے بتایا کہ اداکارہ بننے کیلئے انہوں نے کوئی منصوبہ بندی نہیں کی تھی اور خوش قسمتی سے انہیں موقع ملا اور کامیابیاں مل گئیں۔ نرگس فخری کا کہنا تھا کہ راک اسٹار کا کردار ان کے کیریئر کا سب سے چیلنجنگ کردار ہے اور انہیں اس میں بہت زیادہ محنت کرنی پڑی۔
ان کا کہنا تھا کہ انہوں نے اپنے کیریئر میں بہت ساری کامیابیاں سمیٹی ہیں اور اس میں ان کی محنت سے زیادہ خوش قسمتی کا عمل دخل تھا اورانہیں بہترین مواقع ملے۔ واضح رہے کہ اداکارہ نے 2013 میں فلم مدراس کیفے، 2014 میں فلم میں تیرا ہوں اور 2016 میں فلم ہاوس فل تھری میں اداکاری کے جوہر دکھائے ہیں۔
یاد رہے کچھ عرصے قبل پاکستانی اداکارہ اور ماڈل مریحہ صفدر نے بالی وڈ اداکارہ نرگس فخری پر حسد کرنے کا الزام عائد کرکے سب کی توجہ اپنی جانب مبذول کرالی تھی۔اداکارہ نے بھارتی اداکارہ نرگس فخری کے ساتھ کام کرنے کا اپنا ناخوشگوار تجربہ شیئر کرتے ہوئے کہا کہ لیزا، جیکولین فرنینڈز اور بومن ایرانی سمیت تمام اداکاروں کے ساتھ میری اچھی دوستی رہی لیکن اداکارہ نرگس فخری بہت نک چڑی طبیعت کی مالک ہیں۔
انہوں نے نرگس فخری کے مزاج پر مزید گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ وہ میرے ساتھ چلنا بھی پسند نہیں کرتی تھیں، وہ شاید سوچ رہی تھی کہ یہ لڑکی (مریحہ) کہاں سے آئی ہے اور صرف یہی نہیں بلکہ وہ حسد بھی کیا کرتی تھیں۔