نرگس فخری کے پُراسرار بیماری میں مبتلا ہونےکا انکشاف
نرگس فخری نے انٹرویو کے دوران کہا کہ کچھ عرصہ قبل ایک عارضہ لاحق ہو گیا تھا، دنیا بھر کے ڈاکٹرز کو دکھایا لیکن کوئی بھی ڈاکٹر میرے مرض کی تشخیص نہیں کر سکا
ممبئی(شوبز ڈیسک ) اداکارہ نرگس فخری نے حال ہی میں دیے گئے انٹرویو میں پہلی بار بیماری میں مبتلا ہونے سے متعلق انکشاف کیا۔ نرگس فخری نے انٹرویو کے دوران کہا کہ کچھ عرصہ قبل ایک عارضہ لاحق ہو گیا تھا، دنیا بھر کے ڈاکٹرز کو دکھایا لیکن کوئی بھی ڈاکٹر میرے مرض کی تشخیص نہیں کر سکا تھا۔ نرگس فخری کے مطابق اُنہوں نے اپنی بیماری کی تشخیص کے لیے ڈاکٹرز سے سوالات کرنا شروع کر دیے تھے۔
اُنہوں نے ڈاکٹر سے پوچھا کہ کیا اِن کا خون درست طریقے سے بن رہا ہے اور صحیح طریقے سے کام کر رہا ہے ؟ اداکارہ کے مطابق سوالات پوچھنے پر ڈاکٹروں نے ان کی بیماری کو پہچانا۔ اداکارہ کا بتانا تھا کہ کافی عرصے تک تو ڈاکٹر اُنہیں یہ کہتے رہے کہ مجھے کوئی بیماری لاحق نہیں ہے، ڈاکٹروں کو میری بیماری کی تشخیص کرنے میں کافی وقت لگا اور انہوں نے بیماری سے متعلق انٹرنیٹ سے بھی بہت ساری معلومات حاصل کیں جو کہ فائدہ مند ثابت ہوئیں۔
واضح رہے کہ 2016ء میں اداکارہ نرگس فخری ’آرسینک ایڈ لیڈ پوائزنگ‘ (arsenic and lead poisoning) کی بیماری میں مبتلا ہوئی تھیں جو عام طور پر مضر صحت کھانے اور پانی سے ہوتی ہے اور بعض اوقات یہ انتہائی خطرناک ہوجاتی ہے۔ درج بالا بیماری عام طور پر بچوں کو متاثر کرتی ہے مگر یہ کسی بھی عمر میں ہوسکتی ہے، یہ بیماری متاثرہ شخص کے بیک وقت متعدد اعضا متاثر کرتی ہے۔
اس بیماری میں جگر، معدہ، آنتوں، دماغ اور دل سمیت متعدد اعضا ایک ساتھ متاثر ہوتے ہیں۔ اداکارہ نے حال ہی میں دیے گئے انٹرویو کے دوران مزید ایک بیماری سے متعلق بات کرتے ہوئے کہا کہ کورونا سے قبل اُنہیں ذہنی بیماری ’اوبسیسِو کَمپَلسِو ڈِس آرڈَر‘ (Obsessive-Compulsive Disorder) (او سی ڈی) ہوگئی تھی اور اِنہیں اس ذہنی بیماری سے نکلنے میں دو سال کا وقت لگا۔
اداکارہ کے مطابق یہ ایک ایسی بیماری ہے جس میں انسان کی شخصیت تبدیل ہوجاتی ہے، اس بیماری میں مبتلا ہونے کے بعد زیادہ تر منفی خیالات آنے لگے تھے۔ نرگس فخری نے انٹرویو کے دوران اپنی ذاتی زندگی سے متعلق بھی بات کی۔ انہوں نے بتایا کہ اِن کے پاس متعدد گاڑیاں ہیں جن کے ٹائیر وہ خود تبدیل کر لیتی ہیں جبکہ وہ گاڑیوں کے چھوٹے موٹے مسائل بھی حل کرنے کی صلاحیت رکھتی ہیں۔