نمرہ خان کے اغوا کی کوشش’سی سی ٹی وی فوٹیج آ گئی
اداکارہ کراچی کے علاقے ڈیفنس میں مقامی ہوٹل کے باہر گاڑی کا انتظار کررہی تھں
لاہور(شوبزڈیسک)پاکستانی ڈرامہ انڈسٹری کی معروف اداکارہ نمرہ خان کو اغوا کرنے کی کوشش کی سی سی ٹی وی فوٹیج سامنے آگئی ہے۔حال ہی میں اداکارہ نمرہ خان نے انکشاف کیا تھا کہ 11 اگست کی شام 7 بج کر 21 منٹ پر انہیں کراچی کے علاقے ڈیفنس میں اغوا کرنے کی کوشش کی گئی تھی۔نمرہ خان کے تہلکہ خیز انکشاف کے بعد اب انہیں اغوا کرنے کی کوشش کی سی سی ٹی وی فوٹیج منظر عام پر آئی ہے جس میں دیکھا جاسکتا ہے کہ اداکارہ سڑک کنارے اپنی گاڑی کے آنے کا انتظار کررہی تھیں کہ اسی دوران ان کے پاس ایک موٹرسائیکل آکر رکتی ہے۔
موٹرسائیکل کے رکنے کے بعد نمرہ خان سڑک کنارے چلنے لگتی ہیں اور پھر چند منٹ کے بعد ہی اداکارہ ہاتھ کے اشارے سے ایک گاڑی کو رکنے کا کہتی ہیں۔نمرہ خان کے اشارے پر مذکورہ گاڑی جیسے ہی سڑک پر رکتی ہے تو موٹرسائیکل سوار فورا وہاں سے بھاگ جاتے ہیں۔ڈی آئی جی ساتھ اسد رضا اور ایس ایس پی سائوتھ ساجد سدوزئی نے واقعے پر ایس ڈی پی او منیشا روپیتا کی سربراہی میں کمیٹی تشکیل دے دی ہے۔واضح رہے کہ نمرہ خان نے اپنے ویڈیو بیان میں بتایا کہ وہ پیر کو ڈیفنس فیز 8 میں مقامی ہوٹل کے باہر گاڑی کا انتظار کررہی تھیں، ہاتھ میں موبائل فون اور کندھے پر بیگ موجود تھا، رش کی وجہ سے گاڑی میں فیملی پھنسی ہوئی تھی اور بارش ہو رہی تھی۔
انہوں نے کہا کہ اسی دوران تین افراد میرے پاس آکر رکے اور مجھے اغوا کرنے کی کوشش کی، انہوں نے مجھے پکڑا اور پیٹ پر اسلحہ رکھ دیا، میں نے شور شرابا کیا، میرے سامنے چار گارڈز بیٹھے ہوئے تھے مگر کسی نے نہیں سنا، میں نے اپنا تحفظ خود کیا اور موٹر سائیکل کو دھکا دیا، میں وہاں سے بھاگی۔اداکارہ نے کہا کہ وہ مجھے پیچھے سے گولی مارسکتے تھے، میں چلتی گاڑی کے سامنے آگئی، گاڑی میں سوار فیملی نے مجھے بچالیا، اس دوران مقامی ہوٹل کی پوری ٹیم باہر آئی اور مجھے ریسکیو کرلیا۔