شوبز

ٹوئنکل کھنہ کی ڈمپل کو چھوڑ کرہیما مالنی کی بیٹی ہونے کی خواہش

میری ماں اگر ہیما مالنی ہوتیں تو مجھے واٹر پیوریفائر بھی ملتا : اداکارہ

لاہور(شوبزڈیسک)اداکارہ سے مصنفہ بننے والی ٹوئنکل کھنہ معاشرے کے حوالے سے اپنی عقلی رائے رکھنے اور تیز مشاہدات کے لیے مشہور ہیں۔بھارتی اخبار کے لیے لکھے اپنے حالیہ کالم میں ٹوئنکل نے بھارتی شہریوں کو درپیش روزانہ صفائی کے چیلنجز پر بات کی، انہوں نے صوتی آلودگی (شور شرابے)، پانی جمع ہونے اور ملک کے ‘قیمتی’گڑھوں پر بھی بات کرتے ہوئے مزاحیہ انداز اختیار کیا۔

تاہم صاف پانی کے معاملے پر اظہار خیال کرتے ہوئے ٹوئنکل نے بالی وڈ کی لیجنڈ ہیما مالنی کے حوالے سے مذاقا کہا کہ کس طرح وہ کبھی کبھی یہ خواہش کرتی ہیں کہ کاش اداکارہ ڈمپل کپاڈیہ کی بجائے شعلے فلم کی اسٹار ان کی والدہ ہوتیں۔کالم میں ٹوئنکل کھنہ نے کھل کر شیئر کیا کہ کس طرح ان کے پیوریفائر سے ٹپکنے والے پانی کی آواز سے ان کے ذہن میں مشہورِ زمانہ ‘ڈریم گرل’ کا خیال آتا ہے۔

ٹوئنکل نے کہا کہ بھارت میں صاف پانی فراہم کرنے کے لیے اداکارہ سے سیاست دان بننے والی ہیما مالنی سے زیادہ کوئی بھی پرعزم نہیں ہے۔انہوں نے لکھا کہ ‘ملک میں کوئی بھی ہیما جی سے زیادہ بھارت کو صاف پانی دینے میں دلچسپی نہیں رکھتا، انہوں نے اس بات کی بھی نشاندہی کی کہ کس طرح ہیما مالنی صاف پانی کے مقصد کو فعال طور پر فروغ دے رہی ہیں اور جلد ہی گنگا کے کنارے ایک ‘ڈانس بیلے’ کا اہتمام کریں گی تاکہ ہمارے دریاں کو صاف رکھنے کا پیغام عام کیا جا سکے۔

اس کے بعد ٹوئنکل نے مزاحیہ انداز میں اپنے شکوک و شبہات کو رقم کرتے ہوئے لکھا کہ کیا شہری ہیما جی کی اپیل پر عمل کریں گے۔ٹوئنکل نے اس کے بعد لکھا کہ کس طرح انہوں نے حال ہی میں اپنی ماں۔ اداکارہ ڈمپل کپاڈیہ کو ‘اپنے پالتو جانوروں کی گندگی کے بارے میںبتایا اور سڑکوں پر کوڑا کرکٹ پھینکنے والے لوگوں پر مایوسی کا اظہار کیا۔ٹوئنکل نے والدہ کو کہا کہ ‘اگر ہم اپنے ساتھی شہریوں کو سڑکوں کے کونوں پر پان کی پیکیں پھینکنے اور مذہبی اختلافات کی وجہ سے لوگوں کو جان سے مارنے کرنے سے نہیں روک سکتے تو اس بات سے کوئی فرق نہیں پڑتا کہ انفراسٹرکچر پر کتنا پیسہ خرچ کیا جاتا ہے’۔

جب انہوں نے ڈمپل سے شکایت کی کہ ملک میں ‘صاف سڑکیں، پانی، ہوا یا یہاں تک کہ بنیادی ہم آہنگی نہیں ہے’ تو انہوں نے جواب میں اپنی بیٹی سے کہا کہ ‘گنپتی کے جلوسوں کے دوران شور شرابہ اس سے کم تھا جو وہ ابھی کر رہی ہیں اور ساتھ ہی فون بند کردیا’۔اس پر مذاق اڑاتے ہوئے ٹوئنکل نے لکھا کہ ‘یہ پہلا موقع نہیں ہے جب میں نے خواہش کی ہو کہ کاش ہیما مالنی میری ماں ہوتیں، ہم نہ صرف صاف پانی پر طویل گفتگو کر سکتے تھے بلکہ مجھے زندگی بھر مفت واٹر پیوریفائر کی فراہمی بھی ملتی’۔خیال رہے کہ ٹوئنکل کھنہ آنجہانی اداکار راجیش کھنہ اور ڈمپل کپاڈیہ کی بیٹی ہیں۔

اکشے کمار سے شادی کے بعد اداکارہ نے 2001 میں فردین خان کے ساتھ فلم ‘محبت کے لیے کچھ بھی کرے گا’ میں آخری بار نظر آنے کے ساتھ اداکاری چھوڑ دی تھی۔بعدازاں وہ کاروبار اور لکھنے لکھانے کی طرف متوجہ ہوئیں اور کئی برسوں میں کئی کتابیں تصنیف کیں جن میں پہلی کتاب 2015 میں شائع ہونے والی ‘مسز فنی بونس’ تھی جس کے بعد ‘دی لیجنڈ آف لکشمی پرساد’، ‘پاجامے آر فارگیونگ’ اور ‘ویلکم ٹو پیراڈائز’ منظرِ عام پر آئیں۔دوسری جانب سینیئر اداکارہ ہیما مالنی متھرا لوک سبھا حلقہ سے منتخب رکن پارلیمنٹ ہیں۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button