پاکستانی سینما میں نئی تاریخ رقم،بنگلہ دیشی فلم ’طوفان‘ ریلیزکرنےکی تیاریاں
بنگلہ دیشی فلم ’طوفان‘ کی پاکستان بھر کے سینما گھروں میں ریلیزمتوقع ہے۔ پنجاب فلم سنسر بورڈ سمیت مرکزی فلم سنسر بورڈ نے فلم کو نمائش کی اجازت دے دی ہے
کراچی(شوبز ڈیسک) پاکستان میں ایک نئی تاریخ رقم ہونے جارہی ہے۔ معلوم ہوا ہے کہ اس بار بنگلہ دیشی فلم ’طوفان‘ کی پاکستان بھر کے سینما گھروں میں ریلیزمتوقع ہے۔ پنجاب فلم سنسر بورڈ سمیت مرکزی فلم سنسر بورڈ نے فلم کو نمائش کی اجازت دے دی ہے۔ یہ پہلی بنگلہ دیشی فلم ہو گی جو پاکستانی سینما گھروں میں ریلیز ہو گی۔ فلم بنگلہ دیش کی تحریکوں پر مبنی ہے۔
یہ فلم بھی امپورٹ پالیسی کے تحت پاکستان بھر میں ریلیز ہورہی ہے۔ فلم ڈائریکٹر اور رائٹر محمد پرویز کلیم نے اس بارے میں گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ جب مشرقی پاکستان ہمارے ساتھ ہوا کرتا تھا تو فلمیں بنتی اور لگتی تھیں۔
سقوط ڈھاکہ کے بعد سے کوئی بھی بنگلہ دیش کی فلم ہمارے ملک کے سینماؤں میں نمائش نہیں کی گئی ہے۔ بنگلہ دیش کے آرٹسٹ ہماری فلموں میں کام کرتے رہے ہیں۔ اگر دوبارہ سے ایسا کچھ ہونے جارہا ہے تو یہ دونوں ملکوں کی فلم انڈسٹری کے لئے اچھا ہوگا۔
پاکستان فلم پروڈیوسرز ایسوسی ایشن کے چیئرمین شہزاد رفیق نے بنگلہ دیشی فلموں کی پاکستان میں ریلیز کو اچھا اقدام قرار دیتے ہوئے کہا کہ پہلے بھی کو پروڈکشن کے سلسلہ میں بنگلہ دیشی فلمیں پاکستان میں ریلیز ہوتی رہی ہیں۔ جیسے بسیرا کے پروڈیوسر قدیر خان اور ڈائریکٹر احتشام (اداکار ندیم کے سسر ) تھے۔
فلم کی کاسٹ میں شبانہ،ندیم اور مصطفیٰ تھے۔ ایسے ہی فلم نادانی اور زمین آسمان بھی تھی۔ یہ سلسلہ رکا۔ پاکستان فلم پروڈیوسرز ایسوسی ایشن کی کوشش ہے کہ اس سلسلہ کو پھر سے شروع کیا جائے۔ دونوں ملکوں کے درمیان کو پروڈکشن کا پھر سے آغاز ہو۔ پاکستانی فلموں کو ایک مارکیٹ ملے۔
بنگلہ دیش میں پاکستانی بلاک بسٹر فلم دی لیجنڈ آف مولا جٹ کو ریلیز کرنے کی بھی بات چیت چل رہی ہے۔ وہاں کے ڈسٹری بیوٹر اپنے ملک میں اس فلم کی ریلیز میں دلچسپی رکھتے ہیں۔