پنجاب بھر کے تھیٹرز بند، اداکار قیصر پیا اور شاہد خان نے وزیراعلیٰ پنجاب سے بڑا مطالبہ کر دیا
وزیراعلیٰ پنجاب کو صرف اور صرف ویڈیوز دیکھا کر گمراہ کیا جا رہا ہے ، 90 فیصد فنکار فاقہ کشی پر مجبور ہیں، خدارا ترس کھا جائے اور تھیٹرز کو دوبارہ اوپن کیا جائے
لاہور(شوبز ڈیسک) پنجاب بھر کے تھیٹروں کو بند کرنے کے بعد فنکاروں کے گھروں میں فاقے، غریب فنکار بچوں کا پیٹ بھرنے کے لئے دربدر کی ٹھوکریں کھانے پر مجبور، اداکار قیصر پیا اور شاہد خان پھٹ پڑے۔
تفصیلا ت کے مطابق پنجاب آرٹس تھیٹر پروڈیوسر ایسوسی ایشن کے وائس چیئرمین و اداکار قیصر پیا کا کہنا تھا کہ 10 روز سے تھیٹر بند پڑے ہیں ابھی ہمیں کسی چیز کی بھی سمجھ نہیں آ رہی ہے کہ کیا ہو رہا ہے جو لوگ ہمارے آگے ہیں وہ بھی ہمیں کچھ نہیں بتا رہے ہیں مختلف میٹنگز ہو رہی ہے کوئی کہہ رہا ہے کہ گانے بند ہو گئے ، کوئی کہتا ہے تھیٹر بند ہو گئے تو کوئی کہتا ہے کہ یہ تھیٹر ہونے ہی نہیں چاہیے ۔ مجھے یہ سمجھ نہیں آتی کہ تھیٹرز سے کسی کی کیا دشمنی ہے آپ نے بند کیے ہیں ہم نے قبول کیا بلکہ ہم نے پریس کانفرنس میں قبول کیا جس جس نے کہا ہے کہ ہم گندگی ختم کرنا چاہتے ہیں تو ہم ان کے ساتھ ہیں لیکن اب اس کا کوئی حل بھی تو نکلنا چاہیے ۔ قیصر پیا کا مزید کہنا تھا کہ سمجھ لیں کہ میرا گزار ا ہو جائے گا لیکن 90فیصد ایسے فنکار ہیں جن کے میرے موبائل میں ایس ایم ایس اور اپنے بچوں کے ساتھ ویڈیو ریکارڈنگ موجود ہے جن کے گھر روٹی بھی نہیں پک رہی ہے باقی سب اپنی جگہ خوش ہو رہے ہیں تھیٹرز مالکان کے پاس پیسہ ہے وہ اپنے گھروں میں بیٹھے ہیں ہمارا بھی کب تک گزارا ہو گا ہمارے پاس بھی اتنے نہیں ہیں کہ ہم بیٹھ کر کھا سکیں ۔ میں وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی سے یہ ہی کہنا چاہتا ہوں کہ ان کو کوئی بھی بات سہی طریقے سے نہیں بتائی جا رہی ہے صرف ان کو ویڈیوز دکھائی جا رہی ہے کہ لڑکیوں نے یہ کیا وہ کیا ، ہم کہتے ہیں کہ جنہوں نے کیا ان پر پابندی عائد کی جائے ان کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے لیکن جنہوں نے کچھ نہیں کیا جو بے گناہ ہیں بیچارے بھوکے مر رہے ہیں ان کا کیا قصور ہے ۔ ہمیں بہت زیادہ دکھ اس چیز کا لیکن ہماری وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی سے گزارش ہے کہ آپ نے تھیٹرز بند کرنے ہیں کر دیں لیکن ایک مرتبہ غریب فنکاروں کے گھروں میں جا کر تو دیکھیں کہ ان پر کیا بیت رہی ہے اب تو ان کو لوگوں نے پیسے بھی دینے بند کر دیئے ہیں۔
دوسری جانب اداکار شاہد خان کا کہنا تھا کہ کسی کام کو بند نہیں کرنا چاہیے اگر کہیں کام غلط ہو رہا ہے تو اس کی اصلاح ہونی چاہیے جنہوں نے خرابی پیدا کی ہے وہ سزا کے حقدار ہیں ان کو سزا ملنی چاہیے اور ہم ان کو سزا دلوانے کے لئے آپ کے ساتھ ہیں لیکن خدارا جو لوگ بھوکے مر رہے ہیں ان پر رحم کریں ، تھیٹرز میں صرف فنکار ہی نہیں بلکہ کینٹین میں کام کرنے والے ، گارڈز ، چائے پلانے والے، موٹر سائیکل اور گاڑی سٹینڈ والے ، میک مین ، ڈریس مین ان کے سمیت دیگر کئی افراد ایسے ہیں جو روزانہ کی بنیاد پر کماتے ہیں اور اپنے گھر کا خرچہ چلاتے ہیں یہ بیچارے روزانہ فون کر پوچھتے ہیں کہ پا جی تھیٹر کا کیا بنا کب کھلیں گے برائے مہربانی ایسے افراد کا معاشی قتل ہو رہا ہے وہ بند کیا جائے گا ۔ ہماری وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی سے اپیل ہے کہ گنہگاروں کو سزا دیں جہاں پر کوئی غلط کام ہو رہا ہے اس کی اصلاح کی جائے ہم آپ کے ساتھ ہیں لیکن خدارا تھیٹرز کو بند نہ کیا جائے ۔