پونم پانڈے کو موت کا ڈرامہ مہنگا پڑا’پچھتاوے کا شکار
لوگوں کو سمجھ نہیں آئی میں نے ایک مقصد کیلئے ڈرامہ کیا تھا
لاہور(شوبزڈیسک)بولڈ بھارتی اداکارہ و ماڈل پونم پانڈے نے کہا کہ سروائیکل (رحم کے) کینسر کی آگاہی کے لیے اپنی موت کا ڈرامہ کرنا ان کے لیے بہت بھیانک ثابت ہوا۔صحافی نے ماڈل سے سوال کیا کہ ‘مرنے کے بعد کیسا محسوس ہورہا ہے، جس پر انہوں نے زور دے کر کہا کہ میں نے یہ ایک مقصد کے لیے کیا تھا، لوگوں کو وہ چیز ابھی تک سمجھ نہیں آئی ہے۔انہوں نے دعوی کیا کہ اس اقدام کی بدولت گاں میں بیٹھی خواتین کو بھی سروائیکل کینسر کے بارے میں آگاہی حاصل ہوئی ہے لیکن لوگ سمجھتے نہیں ہیں۔
میڈیا سے بات کرتے ہوئے پونم نے کہا کہ یہ میرے لیے انتہائی بھیانک تھا، میں کہتی ہوں کوئی تو سمجھو کہ میں نے یہ ایک مقصد کے لیے کیا تھا۔ان کا کہنا تھا کہ میں بیان نہیں کرسکتی کہ میں کس طرح اس پورے فیز سے گزری ہوں۔یاد رہے کہ تنازعات کا شکار اداکارہ کے انسٹاگرام اکانٹ سے فروری 2024 میں ان کی موت کا اعلان کیا گیا تھا۔پوسٹ میں کہا گیا تھا کہ ‘ آج کی صبح ہم سب کیلئے بے حد مشکل ثابت ہوئی۔ بہت ہی افسوس کے ساتھ یہ خبر بتارہے ہیں کہ ہم نے اپنی پیاری پونم کو سروائیکل کینسر کے سبب کھودیا ہے’۔
ان کی اچانک کینسر سے موت کی خبر سن کر جہاں سوشل میڈیا صارفین، ان کے مداحوں کو دھچکا لگا تھا وہیں بھارتی میڈیا بھی حیران رہ گیا تھا۔متنازع اداکارہ کی موت پر جہاں ان کے ہامی صدمے کا شکار نظر آئے وہیں ان کے مخالفین بھی افسوس کرتے نظر آئے۔تاہم صرف ایک روز بعد ہی انہوں نے اپنی موت کے ڈرامے کا ڈراپ سین کرتے ہوئے اپنے زندہ ہونے کی اطلاع دی تھی۔سوشل میڈیا پوسٹ میں کہا گیا کہ چونکہ جنوری سروائیکل کینسر سے آگاہی کا مہینہ ہے اور بھارتی حکومت نے اسی مناسبت سے ایک مہم کا آغاز کیا تھا ، پونم پانڈے نے بھی اسی مہم میں حصہ لیتے ہوئے یہ پوسٹ جاری کی تھی۔موت کے اس ڈرامے کے بعداداکارہ کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا گیا اور انہیں آگاہی پھیلانے کے لیے کوئی بہتر راستہ اختیار کرنے کی تجویز دی گئی تھی۔