شوبز

چہلم امام حسین:سعدیہ امام اور عمران عباس کی نجف اور کربلا میں زیارات روضوں پر حاضری

دونوں اداکاروں نے نجف اور کربلا کے مختلف مناظر مداحوں کو بھی شئیر کئے

لاہور(شوبزڈیسک)معروف اداکارہ سعدیہ امام اور اداکار عمران عباس چہلم امام حسین رضی اللہ عنہ کے موقع پر عراق میں موجود ہیں جہاں سے اپنے روحانی سفر کی اپڈیٹس ویڈیوز اور تصاویر کی صورت میں شیئر کی ہیں۔سعدیہ اور عمران عباس تقریبا ایک ہفتہ قبل کربلا کی حاضری کے لیے عراق پہنچے تھے جس کے بارے میں مداحوں کو آگاہ کرتے ہوئے دونوں نے الگ الگ بتایا تھا کہ وہ اس سال بھی زیارت کا موقع ملنے پر مشکور ہیں اور جہاں جہاں زیارت کریں گے وہاں وہاں مداحوں کو بھی زیارت کروائیں گے۔بعدازاں انہوں نے مشی یعنی اربعین واک میں بھی حصہ لیا اور پیدل سفر کر کے نجف سے کربلا پہنچے۔

اس دوران وہ ویڈیو اور تصاویر کے ذریعے اپنے مداحوں کو زیارت بھی کروائی اور اپنے سفر کی اپڈیٹس بھی فراہم کیں۔بہت سے مداحوں نے ان کی پوسٹس پر تبصرے کرتے ہوئے ان سے دعائوں کی درخواست بھی کی۔اداکارہ سعدیہ امام گزشتہ برس بھی زیارتوں کے لیے عراق گئیں تھیں لیکن عمران عباس کا یہ پہلا موقع ہے۔عراق میں اربعین سنہ 61 ہجری میں 10 محرم کو پیش آنے والے واقعہ کے 40 دن کی تکمیل پر 20 صفر کو منایا جاتا ہے، جس میں نواسہ رسول اپنے ساتھیوں سمیت شہید کردیے گئے تھے۔

یہ واک نجف اور کربلا کو ملانے والی 80 کلومیٹر طویل شاہراہ پر کی جاتی ہے جس میں شرکت کے لیے ہر سال دنیا بھر سے کروڑوں کی تعداد میں اہلِ تشیع عراق پہنچتے ہیں۔یہاں یہ بات مدِ نظر رہے کہ نجف میں حضرت علی رضی اللہ عنہ کا مزار موجود ہے جبکہ کربلا میں شہدائے کربلائے رضی اللہ عنہما کے مزارات موجود ہیں۔

ہر برس چہلمِ امام حسین کے موقع پر نجف سے کربلا کا رخ کرنے والوں کی درست تعداد کے بارے میں مختلف اندازے لگائے جاتے ہیں لیکن ایک محتاط اندازے کے مطابق اربعین کے موقع پر اس علاقے میں تین کروڑ سے زیادہ افراد کا اجتماع ہوتا ہے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button