ڈرامہ سیریل”نور جہاں”میں میں علینہ سفینہ بن گئیں
علینہ عباس شاہ اس سے قبل'' کچھ ان کہی'' اور ''22 قدم ''میں بھی نظر آئیں
لاہور(شوبزڈیسک)پاکستان شوبز انڈسٹری میں گزشتہ کئی دہائیوں سے نئے چہروں کا انڈسٹری کا حصہ بننے کا عمل جاری و ساری ہے، نئے نئے چہرے انڈسٹری میں متعارف کرائے جانے کے بعد پرانے فنکاروں کی عزت و مرتبے میں اضافہ ہوتا چلا جاتا ہے۔ایسے ہی کئی چہرے حال ہی میں متعارف کرائے گئے جنہوں نے انڈسٹری میں قدم رکھتے ہی اپنی فنکارانہ صلاحیتوں سے پہچان حاصل کی۔نجی ٹیلی ویژن پر نشر ہونے والا ڈراما سیریل نورجہاں اپنی منفرد کہانی اور سپر ہٹ اسٹار کاسٹ کی بدولت صارفین کی جانب سے کافی تعریفیں اپنے نام کر رہا ہے۔عام گھرانوں کی کہانی پر مبنی اس ڈرامے کو خصوصی طور پر جہاں خواتین بے حد سراہتی نظر آرہی ہیں وہیں کئی نامور ستاروں پر مبنی اس کاسٹ میں ایک نیا چہرہ سفینہ نامی کردار بھی توجہ کا مرکز بنا ہوا ہے۔
سفینہ کا کردار ادا کرنے والی شخصیت کوئی اور نہیں بلکہ اداکارہ علینہ عباس شاہ ہیں جو نور جہاں سے قبل کچھ ان کہی اور 22 قدم میں بھی اداکاری کے جوہر دکھاچکی ہیں۔علینہ عباس شاہ نے حال ہی میں فوشیا میگزین کو انٹرویو دیا جہاں انہوں نے اپنی زندگی اور کیریئر کے بارے میں معلومات فراہم کیں۔اداکارہ علینہ نے اپنے انٹرویو میں بتایا کہ، وہ لاہور اور اسلام آباد کے درمیان رہتی ہیں۔ انہوں نے ابتدائی تعلیم مقامی بورڈنگ اسکول سے حاصل کی تاہم وہ نامور تعلیمی ادارے بیکن ہاس کی طالب علم رہی ہیں۔اداکارہ کے مطابق انہوں نے 2016 میں بیکن ہائوس نیشنل یونیورسٹی سے گریجویشن کی ڈگری حاصل کی ہے۔
علینہ عباس شاہ کے مطابق انہیں ہمیشہ سے اداکاری کا شوق تھا تاہم انہیں کیمرے کا سامنا کرنے سے خوف آتا تھا۔انہوں نے بتایا کہ مجھے اداکاری کی دنیا میں پہلا موقع پروڈیوسر عمران رضا کاظمی کی جانب سے 22 قدم کیلئے ملا جس کے بعد میں نے باضابطہ طور پر اداکاری کے شعبے کو اپنالیا۔اپنی گفتگو جاری رکھتے ہوئے اداکارہ کا کہنا تھا کہ،آج تک میں نے اپنے شوبز کیرئیر میں جتنے بھی کردار اداکیے ہیں ان میں ڈراما نور جہاں میں سفینہ کا کردار سب سے زیادہ پسندیدہ ہے۔کیونکہ یہ کردار ان تمام خواتین کی عکاسی ہے جو جہدوجہد کرکے اپنا راستہ خود تلاش کرتی ہیں۔
علینہ سمجھتی ہیں کہ ایک اداکار ہونے کے ناطے شہرت کا آنا فطری بات ہے۔ ان کے دوست اور خاندان بھی یہ بات سمجھتے ہیں کہ سوشل میڈیا اور شہرت ان کے کام کا حصہ ہیں۔ساتھ ہی اپنی گفتگو کے اختتام میں علینہ نے ان تمام صارفین کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا جنہوں نے سفینہ کے کردار کو بھرپور محبت اور سپورٹ دی۔