کریتی سنن نے کروڑ پتی دوست سے افیئر کی خبروں کا پردہ چاک کر دیا
سال 2021 میں ریلیز ہونے والی فلم میمی میں بہترین اداکاری کے سبب انہوں نے نیشنل ایوارڈ بھی حاصل کیا
لاہور(شوبزڈیسک)بالی وڈ اداکارہ کریتی سینن نے مبینہ بوائے فرینڈ کبیر باہیا کیساتھ اپنے افیئر کی خبروں پر آخر کار لب کشائی کردی۔فلمی دنیا میں اپنے فن کا لوہا منوانے والی اداکارہ کریتی سینن ان دنوں اپنی لو لائف کے سبب بھی کافی موضوع بحث بنی نظر آرہی ہیں۔ کریتی سینن کے بوائے فرینڈ کبیر باہیا کروڑوں پتی ہیں۔اداکارہ کی رومانوی زندگی کے بارے میں گزشتہ کئی ماہ سے یہ قیاس آرائیاں جاری ہیں کہ وہ سابق بھارتی کپتان ایم ایس دھونی کے کروڑ پتی دوست کبیر باہیا کو ڈیٹ کر رہی ہیں۔تاہم کروڑ پتی بزنس مین کبیر باہیا کیساتھ افیئر کی خبروں کے بعد اداکارہ کریتی سینن نے حقیقت سے پردہ اٹھا دیا۔
بھارتی میڈیا کو انٹرویو دیتے ہوئے اداکارہ کا کہنا تھا کہ یہ سب سننا اور پڑھنا میرے لیے انتہائی مایوس کن ہے کیونکہ جھوٹی منفی خبریں میرے خاندان کو متاثر کرتی ہیں۔کریتی سنن کا کہنا تھا کہ جب میرے بارے میں جھوٹی منفی معلومات شائع کی جاتی ہیں، تو یہ نہ صرف میرے لیے مایوس کن ہوتی ہیں بلکہ میرے خاندان پر بھی اسکا منفی اثر پڑتا ہے۔ سوشل میڈیا پر جہاں منفیت تیزی سے پھیلتی ہے وہاں لوگ بھی ان حقائق کی تصدیق کرنے کی زحمت نہیں کرتے اور منفی تبصرے کر کے اطمینان حاصل کرتے ہیں’۔
کریتی سینن نے ان افواہوں پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے مزید کہا کہ لوگ بھول جاتے ہیں کہ ہم بھی انسان ہیں، ماضی میں جب سوشل میڈیا نہیں تھا تو لوگ اخبار پڑھ کر خاموشی سے اپنی رائے قائم کرلیتے تھے۔لیکن اب یہ رجحان بڑھتا جارہا ہے کہ لوگ آن لائن منفی تبصرے پوسٹ کرنے سے اطمینان حاصل کرتے ہیں۔۔
یاد رہے کہ سال 2014 میں سنیما گھروں کی زینت بننے والی فلم ‘ہیروپنتی’ سے بالی وڈ کی دنیا میں قدم رکھنے والی اداکارہ کریتی سینن نے انڈسٹری میں 10 سال مکمل کرلیے۔کریتی سینن ‘ہیروپنتی’ میں بہترین اداکاری اور رقص کے سبب فلم بینوں کے دلوں میں ایک خاص مقام حاصل کرنے میں کامیاب رہیں جس کے بعد پے در پے سپر ہٹ فلموں میں کام کر کے بالی وڈ کی بہترین اداکاراں کی فہرست میں شامل ہوگئیں۔سال 2021 میں ریلیز ہونے والی فلم میمی میں بہترین اداکاری کے سبب انہوں نے نیشنل ایوارڈ بھی حاصل کیا۔