کرینہ کپور نے کس منہ بولے بھائی کیساتھ رومانس لڑایا؟
فلم ریفیوجی میں کرینہ نے ڈائریکٹر سے کہا کہ میں یہ نہیں کر سکتی وہ منہ بولا بھائی ہے
لاہور(شوبزڈیسک)بھارتی اداکارہ کرینہ کپور نے فلم ریفیوجی کی شوٹنگ کے دوران اپنے منہ بولے بھائی کے ساتھ رومانوی سین کرنے کا انکشاف کردیا۔30 جون 2000 کو سنیما گھروں کی زینت بننے والی فلم ریفیوجی سے نہ صرف کرینہ کپور بلکہ بالی وڈ کے شہنشاہ امیتابھ بچن کے اکلوتے بیٹے ابھیشک بچن نے بھی اداکاری کی دنیا میں قدم رکھا۔ابھیشک بچن اور کرینہ کپور کی جوڑی کو فلم ریفیوجی میں پسند تو کیا گیا لیکن یہ فلم باکس آفس پر کچھ خاص کمال نہیں کر پائی تھی اور نتیجہ یہ ہوا کہ ابھیشک بچن کی جے پی دتہ کی ہدایت کاری میں بننے والی پہلی فلم باکس آفس پر اوسط درجے کی ثابت ہوئی۔اگرچہ یہ فلم کامیاب نہ ہوئی لیکن بالی وڈ کے دو سپر اسٹارز کی پہلی ڈیبیو فلم ہونے کے سبب ان کے مداحوں کیلئے بے حد خاص ہے اور اس فلم کے گانے بھی بالی وڈ کے متوالوں کے دلوں سے بے انتہا قریب ہیں۔
سال 2002 میںسیمی گریوال کے ٹاک شو میں کرینہ کپور بطور مہمان مدعو تھیں اور دورانِ گفتگو وہ فلم ریفیوجی میں ابھیشیک بچن کے ساتھ فلمائے گئے رومانوی سین کے حوالے سے بات کرتی نظر آئیں۔شو میں ابھیشک بچن کا ایک ویڈیو پیغام ٹی وی اسکرین پر چلایا گیا جس میں وہ پہلے کرینہ کپور کی دل کھول کر تعریف کرتے ہیں اور اس کے بعد انہوں نے کہا کہ میں تمہیں کبھی نہیں بھولوں گا، اس ایک سین کو فلماتے ہوئے تم نے میرے ساتھ بہت غلط کیا تھا۔
ویڈیو میں ابھیشک نے انکشاف کیاکہ کرینہ کپور نے فلمی سیٹ پر رومانوی سین فلمانے سے قبل کہا تھا کہ اے بی یہ ہمارا پہلا رومانوی سین ہے، لیکن میں تمھاری محبت میں کیسے گرفتار ہوسکتی ہوں، تم تو میرے بھائی جیسے ہو، جے پی انکل میں یہ سینز کیسے کرسکتی ہوں جبکہ میں ابھیشک کو اپنا بھائی مانتی ہوں۔خیال رہے کہ جس سین کا ابھیشک بچن نے ذکر کیا وہ درگاہ پر فلمایا گیا اور اس سین میں کرینہ بطور نازنین ابھیشک کے کردار ریفیوجی کو رکنے کو کہتی ہیں جب وہ بتاتا ہے کہ اس کو اب جانا پڑیگا، یہ فلم کا پہلا رومانوی سین تھا۔واضح رہے کہ ابھیشک بچن کی سال 2002 میں کرینہ کپور کی بہن کرشمہ کپور سے منگنی ہوگئی تھی لیکن 2003 میں یہ منگنی ٹوٹ گئی۔