شوبز

”کمال اور مینا”ماہرہ خان کیا واقعی بالی وڈ کی میناکماری بنیں گی ؟

ماہرہ خان کے بالی وڈ فلم''کمال اور مینا'' کیلئے مینا کے پوتے بلال امروہی حرکت میں

لاہور(شوبزڈیسک)پاکستانی سپر اسٹار ماہرہ خان کے بالی وڈ کی فلم ‘کمال اور مینا’ میں لیجنڈری اداکارہ مینا کماری کے کردار میں جلوہ گر ہونے کی خبریں گردش کرنے لگیں۔ماہرہ خان کو اپنی حقیقت پسند اداکاری کے سبب نہ صرف پاکستان بلکہ بھارت میں بھی بے حد پسند کیا جاتا ہے اور دونوں ہی ممالک میں ماہرہ خان کے مداح انکے حسن و جمال اور فنِ اداکاری کی کھل کر تعریف کرتے ہیں۔

یہ ماہرہ خان کی مقبولیت اور بہترین اداکاری ہی ہے کہ بالی وڈ کے کنگ آف رومانس شاہ رخ خان نے بھی اپنی فلم ‘رئیس’ کیلئے کسی اور کو نہیں بلکہ ماہرہ خان کو ہی منتخب کیا۔اس فلم کے بعد ماہرہ خان بالی وڈ میں کوئی اور فلم نہ کرسکیں اور اسکی وجہ دونوں ممالک کے درمیان کشیدگی بنی جس نے فنکاروں کے لیے بھارت کے دروازے بند کردیے لیکن اب یہ پابندی ہٹا دی گئی ہے جس کے بعد سے آئے دن پاکستانی فنکاروں کی بھارتی پراجیکٹس میں کاسٹنگ کی خبریں مل رہی ہیں۔

اب ماہرہ خان سے متعلق ایک خبر گردش کر رہی ہے کہ وہ جلد بالی وڈ میں دھماکے دار ری انٹری دینے والی ہیں اور وہ فلم کوئی اور نہیں بلکہ لیجنڈری اداکارہ مینا کماری اور انکی محبت کمال امروہی کی کہانی پر بننے والی فلم ‘کمال اور مینا’ ہوگی۔رپورٹس کے مطابق بھارتی ہدایتکار سدہارتھ ملہوترا ‘کمال اور مینا’ پر کام کر رہے ہیں اور اس فلم میں وہ ماہرہ خان کو مینا کماری کے کردار میں کاسٹ کرنے کے خواہش مند ہیں۔

اگرچہ گزشتہ ہفتے اس فلم کا ٹیزر ‘ساریگاما پا میوزک’ کے آفیشل یوٹیوب چینل پر اپ لوڈ کیا جاچکا ہے لیکن فلم کی کاسٹ کے حوالے سے کوئی اعلان نہیں کیا گیا ہے۔ٹیزر جاری کرنے کے ساتھ ساتھ فلم کی ریلیز سے متعلق یہ انکشاف کردیا گیا ہے کہ فلم سال 2026 میں سنیما گھروں کی زینت بنے گی۔یاد رہے کہ ماہرہ خان اس بات کا متعدد مرتبہ اعتراف کر چکی ہیں کہ وہ مینا کماری کو بے انتہا پسند کرتی ہیں اور انکی ڈائے ہارٹ فین ہیں اور وہ جلد ہی مینا کماری کی مشہور فلم ‘پاکیزہ’ کے پاکستان ورژن میں بھی مینا کماری کے ‘پاکیزہ’ جیسا کردار نبھاتی دکھیں گی۔

مداحوں کی توجہ میں ایک اور بات بھی آئی ہے کہ ماہرہ خان اور بھارتی ہدایتکار سدہارتھ ملہوترا ایک دوسرے کو انسٹاگرام پر فالو کر چکے ہیں جبکہ کمال امروہی کے پوتے اور فلم پروڈیوسر بلال امروہی بھی ماہرہ خان کو انسٹاگرام پر فالو کر رہے ہیں جو اسی جانب اشارہ ہے کہ ماہرہ خان ہی مینا کماری بننے والی ہیں۔

جہاں ماہرہ خان کے بطور مینا کماری سلور اسکرین پر رنگ جادو چلانے کی خبر نے مداحوں کو پرجوش کردیا ہے وہیں اب مداح اس حوالے سے بھی متجسس ہیں کہ ماہرہ خان کے ساتھ کامل امروہی کے کردار میں کونسے اداکار نظر آئیں گے؟

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button